پریس ریلیز|

اسلام آباد: مورخہ 26 جولائی 2020

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے آج ٹیلی فون پر گفتگو کی اور خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صحت سے متعلق دریافت کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان کے عوام اور اپنی جانب سے عزت مآب سعودی فرمانروا کی جلد صحت یابی، شفائے کاملہ اور طویل العمری کے لئے دعاوں اور نیک تمناوں کا پیغام دیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کورونا وبا کے پھیلاو پر قابو پانے کے لئے پاکستان کی کوششوں کے تحت سمارٹ لاک ڈاون سمیت دیگر اقدامات کی کامیابی سے متعلق سعودی ہم منصب کو آگاہ کیا۔

دونوں وزراءخارجہ نے کورونا وبا کے پیش نظر محدود حج کے انعقاد کے سلطنت کے فیصلے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے حوثی ملیشیاءکی جانب سے سعودی عرب کے متعدد شہروں پر میزائلوں کے حالیہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے سلطنت سعودی عرب کی مکمل حمایت کے پاکستان کے موقف کا اعادہ کیا۔

سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل نے عزت مآب سعودی فرمانروا کی مزاج پرسی اورنیک تمناوں کے پیغام پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ عزت مآب شاہ تیزی سے روبہ صحت ہورہے ہیں۔انہوں نے کورونا وبا پر روک تھام کے لئے حکومت پاکستان کے اقدامات کو سراہتے ہوئے بتایا کہ سعودی عرب میں بھی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد میں کمی دیکھنے میں آرہی ہے۔

دونوں وزراءخارجہ نے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
٭٭٭٭٭٭

309/2020
Close Search Window