اپریل 30, 2020| پریس ریلیز|
وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے فن لینڈ کے وزیر خارجہ پیکا اولاوا ہاویستو سے آج ٹیلی فون پر تبادلہ خیال کیا۔کورونا وبا سے نمٹے اور اس کے سماجی ومعاشی اثرات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
وزیر خارجہ نے فن لینڈ کے اپنے ہم منصب کو ان اقدامات کے بارے میں بتایا جو حکومت پاکستان کورونا وباءکی روک تھام، عوام کی جان بچانے اور بالخصوص نادار طبقات کے معاشی مفادات کے تحفظ کے لئے کررہی ہے۔
وزیر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان کے ترقی پزیر ممالک کو قرض میں ریلیف دینے کے عالمی اقدام سے متعلق آگاہ کیا جس کی فوری ضرورت ہے تاکہ غریب ممالک وسائل کورونا وباءپر قابو پانے اوراس کے منفی معاشی اثرات سے بچاو کے لئے بروئے کار لاسکیں۔ یہ اقدام تمام فریقین کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرے گا تاکہ ایک مشترکہ حکمت عملی مرتب ہوسکے۔ بجٹ میں مالی گنجائش پیدا ہونے کے علاوہ کچھ اضافی اقدامات کے نتیجے میں ترقی پزیر ممالک کو اتنے وسائل میسرآجائیں گے کہ وہ اس بحران پر قابو پاسکیں۔
وزیر خارجہ نے بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں جاری بندشوں اور قدغنوں کے کورونا وباءکے مقابلے کے لئے ادویات، دیگر ضروری اشیاءکی فراہمی اور اطلاعات کی ترسیل میں حائل رکاوٹوں کو بیان کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہندتوا انتہاءپسند سوچ کے زیراثر بی جے پی حکومت کورونا کے تناظر میں بھارت کے اندر مسلمانوں کو بدنام کررہی ہے۔ عالمی برادری بھارتی حکومت کی یہ کوشش مسترد کرے۔
دونوں وزراءخارجہ نے افغانستان کی صورتحال پر بھی غور کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغانستان میں امن ومفاہمتی عمل کے لئے پاکستان کی طرف سے مسلسل حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ جلد ہی بین الافغان مذاکرات کا انعقاد ہوگا۔
فن لینڈ کے وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا یک جہتی کے اظہار پر شکریہ ادا کیا اورکورونا سے نمٹنے کے لئے عالمی اشتراک عمل کی سوچ اختیار کرنے سے اتفاق کیا۔ وزیر خارجہ ہاویستو نے کورونا کے ترقی پزیر ممالک کی کمزور معیشتوں پر اثرات کی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی تشویش سے اتفاق کیا۔ دونوں رہنماوں نے قرض سے متعلق اقدام اور دوطرفہ تعلقات بڑھانے پر رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
٭**
Last modified: مئی 4, 2020
Our foreign policy is one of friendliness and goodwill towards all the nations of the world.