پریس ریلیز|

اسلام آباد: مورخہ 12 جنوری 2021
 
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے افغانستان کی حزب وحدت اسلامی کے رہنما استاد کریم خلیلی نے اپنے وفد کے ہمراہ آج ملاقات کی۔ 
 
ملاقات کے دوران پاکستان افغانستان تعلقات اور افغان امن عمل میں پیش رفت پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پرامن، مستحکم اور خوش حال افغانستان کے لئے پاکستان کی مستقل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ افغانوں کے بعد افغانستان میں قیام امن کی سب سے زیادہ خواہش پاکستان کو ہے۔
 
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے زور دیا کہ پاکستان اور افغانستان کے عوام تاریخ، عقیدے، ثقافت اور روایات سمیت کئی مشترک رشتوں سے جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے تمام شعبہ جات میں افغانستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر خارجہ نے دوطرفہ تعلقات اور ’ٹرانزٹ ٹریڈ‘ مضبوط بنانے کے لئے پاکستان کی طرف سے کئے گئے مختلف اقدامات بیان کئے اور افغان باشندوں کی سہولت کے لئے نظرثانی شدہ ویزا پالیسی کے اجرا کے بارے میں انہیں آگاہ کیا۔ 
 
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان نے ہمیشہ زور دے کر یہ بات کہی ہے کہ افغان تنازعے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے اور یہ کہ آگے بڑھنے کا واحد حل مذاکرات کے ذریعے ایک سیاسی تصفیہ ہے۔ انہوں نے افغان قیادت میں افغانوں کو قبول اجتماعیت کے حامل امن عمل کے ذریعے وسیع البنیاد اور جامع سیاسی تصفیہ کی اہمیت پر زور دیا۔ 
 
اس ضمن میں مختلف سنگ ہائے میل کے حصول میں پاکستان کے مثبت کردار کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے یہ عزم دوہرایا کہ پاکستان افغان امن عمل میں سہولت کاری جاری رکھے گا۔ انہوں نے زور دیاکہ افغان قیادت کو بین الافغان مذاکرات کے ذریعے افغانستان میں دائمی امن کے قیام کے اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ 
 
وزیر خارجہ نے پاکستان کی طرف سے تمام فریقین پر ایسے اقدامات کے لئے زور دیا جس کے نتیجے میں افغانستان میں تشدد کے واقعات میں کمی ہو جس کے نتیجے میں جنگ بندی کی راہ ہموار ہو۔ انہوں نے افغانستان کے اندر اور باہر سے ’خرابی‘ پیدا کرنے والے عناصر سے ہوشیار رہنے کے بارے میں بھی خبردار کیا جو نہیں چاہتے کہ افغانستان اور خطے میں امن واپس آئے۔ 
 
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اس امید کا اظہار کیا کہ افغانستان میں امن واستحکام لوٹنے سے معاشی ترقی، علاقائی رابطوں اور انہیں آپس میں جوڑنے کا عمل تیز کرنے کا موقع ملے گا جس سے افغانستان اورخطے کو فائدہ ہوگا۔ وزیر خارجہ نے افغان مہاجرین کی باعزت اور بحفاظت اپنے گھروں کو واپسی کے پاکستان کے عہد کا بھی اعادہ کیا۔ 
 
استاد کریم خلیلی نے افغانستان کی مسلسل حمایت خاص طورپر امن عمل میں کردار اور لاکھوں افغان مہاجرین کی گزشتہ کئی دہائیوں سے میزبانی کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو مضبوط کرنے اور نظرثانی شدہ ویزا پالیسی کے ذریعے افغان باشندوں کی سہولت کے لئے حکومت پاکستان کی طرف سے کئے جانے والے متعدد اقدامات کو بھی سراہا۔ 
٭٭٭٭٭
20/2021
Close Search Window