وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری کی خصوصی نمائندہ افغانستان کی ملاقات
اسلام آباد: مورخہ 19 اکتوبر2020
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی افغانستان کے لئے نمائندہ خصوصی ڈیبرا لیونز نے آج ملاقات کی۔
ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے افغانستان کی سماجی ومعاشی ترقی میں اپنے مینڈیٹ کے مطابق ’یو۔این۔اے۔ایم۔اے‘ کے کردار کو سراہا۔
وزیر خارجہ نے افغان امن عمل میں پاکستان کے سہولت کاری کے کردار کو بیان کیا جس کا اعتراف عالمی برادری نے کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان امن عمل کو آگے بڑھتا ہوا دیکھنا چاہتا ہے جو تشدد میں کمی لانے میں مدد دے گا اوران ’خرابی پیدا کرنے‘ والوں کے لئے گنجائش ختم کرے گا جو خطے میں امن واستحکام لوٹتا ہوا نہیں دیکھنا چاہتے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ خطے میں معاشی خوشحالی اور رابطوں کی استواری کا خواب اس وقت تک پورا نہیں ہوسکتا جب تک افغانستان پرامن اور مستحکم نہیں ہوتا۔ وزیر خارجہ نے کورونا وبا کے نتیجے میں پیدا ہونے والی مشکلات کے باوجود افغانستان کے عوام کی آمدورفت اور افغان راہداری میں مدد کے لئے پاکستان کی طرف سے اٹھائے جانے والے مختلف اقدامات کی تفصیل سے آگاہ کیا۔
افغان مہاجرین کی باعزت اور محفوظ انداز میںان کے وطن واپسی کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے ’یو۔این۔اے۔ایم۔اے‘ پر زور دیا کہ وقت کے تعین، وسائل کی دستیابی کے ساتھ افغان مہاجرین کی ان کے وطن واپسی اور افغان معاشرے میں مہاجرین کو دوبارہ شامل کرنے میں مدد کی فراہمی کو یقینی بنانے میں فعال کردار ادا کرے۔
وزیر خارجہ نے ’ایس۔آر۔ایس۔جی‘ لیونز کو ’یو۔این۔اے۔ایم۔اے‘ کے پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کے مشترک مقصد کے حصول کے لئے پاکستان کی طرف سے مدد کا یقین دلایا۔