پریس ریلیز|

اسلام آباد: مورخہ یکم جولائی 2020

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے آج افغانستان میں مفاہمت کے لئے امریکہ کے نمائندہ خصوصی سفیر زلمے خلیل زاد نے ملاقات کی۔ سفیر خلیل زاد کا دورہ پاکستان افغان امن و مفاہمتی عمل کے تناظر میں مستقل مشاورت اور رابطوں کا حصہ ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکہ طالبان براہ راست بات چیت میں پاکستان کے مثبت کردار کا حوالہ دیا جس کی بناءپر 29 فروری 2020 کو امن معاہدہ کی راہ ہموار ہوئی اور زور دیا کہ افغان رہنما اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھائیں اور مل کر کام کریں تاکہ جامع اور اجتماعی سیاسی تصفیہ یقینی ہوپائے۔

پرامن و مستحکم افغانستان کی خطے اور دنیا کے لئے اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مذاکراتی ٹیم کی تشکیل اور قومی مفاہمت کے لئے اعلی کونسل کے قیام کے اعلان سمیت حالیہ پیش ہائے رفت کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ قیدیوں کی رہائی جلد مکمل ہونے سے بین الافغان مذاکرات کے جلد انعقاد کی راہ ہموار ہوگی۔ انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ تشدد کے خاتمے کے لئے مخلصانہ کوششیں کریں گے۔ انہوں نے اس پہلو کی اہمیت پر بھی زور دیا کہ شرپسندوں کو بین الافغان مذاکرات کے عمل کو پٹڑی سے اتارنے کی اجازت نہ دی جائے۔

افغان مہاجرین کی چالیس سال کی میزبانی کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بین الاقوامی برادری کے کردار پر زور دیا کہ وقت کے واضح تعین اوروسائل کی دستیابی کے ساتھ ایک ایسا جامع لائحہ عمل وضع کیاجائے جس کے نتیجے میں افغان مہاجرین عزت ووقار کے ساتھ اپنے گھروں کو واپس لوٹ سکیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پرامن، مستحکم اور خوشحالی افغانستان کے لئے علاقائی اور عالمی فریقین کے ہمراہ مل کر کام کرنے کے پاکستان کے عزم کو دوہرایا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان افغانستان کے ساتھ بھرپور معاشی شراکت داری بڑھانے کی کوششوں اور علاقے میں رابطے بڑھانے کے منصوبوں میں شرکت کے لئے تیار ہے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے دہشت گردی سے متعلق2019 کی امریکی محکمہ خارجہ کی حالیہ ملکی رپورٹ پر پاکستان کی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ رپورٹ حقیقت پر مبنی نہیں اور اس میں دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے کے لئے پاکستان کی سنجیدہ وٹھوس کوششوں اورقربانیوں کا اعتراف نہیں کیاگیا۔ زوردیاگیا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات اور اس کی روح کا تقاضا ہے کہ مثبت سوچ اختیار کی جائے، ہم آہنگی میں اضافہ اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی ٹھوس کاوشوں اور قربانیوں کا اعتراف کیاجائے۔

سفیر زلمے خلیل زاد نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کراچی میں دہشت گردوں کے حملے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کرتے ہوئے امریکہ کی طرف سے پاکستان کی حمایت کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سکیورٹی اہلکاروں کی شجاعت وبہادری کو سراہا اوربیرونی مدد سے ہونے والے دہشت گرد حملے کے خلاف پاکستان کی حمایت پر سفیرزلمے خلیل زاد کا شکریہ ادا کیا۔

سیکریٹری خارجہ سہیل محمود، افغانستان کے لئے نمائندہ خصوصی سفیر محمد صادق اور دیگر اعلی حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔
٭٭٭٭٭

280/2020
Close Search Window