پریس ریلیز|

(پریس ریلیز نمبر 82/2021)
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے عراق کے وزیر دفاع کی ملاقات
اسلام آباد: مورخہ 26 فروری 2021
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے جمہوریہ عراق کے وزیر دفاع جمعہ عناد سعدون نے آج ملاقات کی۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے عراق کے وزیر دفاع کو خوش آمدید کہتے ہوئے زوردیا کہ پاکستان عراق کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ دونوں وزرا خارجہ نے موجودہ دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور انہیں مضبوط بنانے کی باہمی خواہش کا اعادہ کیا۔
دونوں ممالک کے درمیان اعلی سطحی دوروں کی تعداد بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ عراقی وزیر دفاع کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان دفاع اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں اشتراک عمل کو گہرا اور متنوع بنانے میں مدد ملے گی۔
دونوں وزرا خارجہ نے علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے عراق کی خودمختاری، سیاسی وحدت اور جغرافیائی سالمیت کے لئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔
پاکستان اور عراق کے درمیان دوستانہ اور گرمجوشی پر مبنی تعلقات استوار ہیں جو مشترک عقیدے، اقدار اور ثقافت سے عبارت ہیں۔ دونوں ممالک میں علاقائی اور عالمی سطح پر قریبی تعاون استوار ہے۔
عراقی وزیر دفاع (چوبیس سے ستائیس فروری دوہزار اکیس تک) پاکستان کا چار روزہ دورہ کررہے ہیں۔ اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون مزید بڑھنے کی توقع ہے۔
٭٭٭٭٭
82/2021
Close Search Window