پریس ریلیز|

اسلام آباد: مورخہ 4 مارچ 2020

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے پاکستان میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو۔ایچ۔او) کے سربراہ ڈاکٹر پلیتھا گونراتھنا ماہیپالا نے آج ملاقات کی۔

اس موقع پر ڈاکٹر پلیتھا نے پاکستان میں اپنی نئی ذمہ داریوں کی تفویض کے حوالے سے اپنی اسناد تقرر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو پیش کیں۔ انہوں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو عالمی ادارہ صحت کے پاکستان میں کلیدی منصوبہ جات کے بارے میں آگاہ کیا اوربتایا کہ عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس (کوویڈ19) جیسے وبائی امراض سے نمٹنے کے لئے تعاون کو مزید تیز کردیا ہے۔

وزیر خارجہ نے پاکستان میں عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ سربراہ کے طورپر تقرری پرڈاکٹر پلیتھا کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے پاکستان میں صحت عامہ کے شعبے کی بہتری میں عالمی ادارہ صحت کی طرف سے معاونت کی مسلسل فراہمی کو سراہا۔ کورونا وائرس کے دنیا میں تیزی سے پھیلاو اوراس کے نتیجے میں سنگین مضمرات کی صورتحال پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے وزیر خارجہ نے ڈاکٹر پلیتھا کو حکومت پاکستان کی جانب سے اس وائرس سے بچاو کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بتایا۔

کورونا وائرس کے خطرے کے بارے میں ڈاکٹر پلیتھا نے بتایا کہ اس وائرس سے اب تک 79 ممالک متاثر ہوچکے ہیں۔ انہوں نے عالمی ادارہ صحت کی کورونا وائرس کی ’تازہ ترین صورتحال‘ کے بارے میں تیار کردہ رپورٹ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو پیش کی جس میں پاکستان سمیت دنیا بھر میں اس وائرس کے پھیلاو سے متعلق تجزیہ بھی شامل ہے۔ انہوں نے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر حکومت پاکستان کے بروقت اور فوری اقدامات کو سراہا جس میں ہوائی اڈوں پر سکریننگ، کورنٹین مراکز کے قیام، متاثرہ افراد کے لئے الگ مقامات کا انتظام شامل ہے۔ ڈاکٹر پلیتھا نے کہاکہ ان اقدامات سے پاکستان میں اس وائرس کو پھیلنے سے روکنے میں مدد ملی۔

وزیر خارجہ نے کورونا وائرس پر بریفنگ اور اس وائرس پر قابو پانے کے لئے عالمی ادارہ صحت کی کوششوں بالخصوص کورونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال سے متعلق رپورٹ کی تیاری پر ڈاکٹر پلیتھا کا شکریہ ادا کیا۔

پاکستان میں صحت عامہ کے شعبے کی بہتری کے لئے حکومت پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امید ظاہر کی کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) پاکستان کے لئے اپنی قابل قدر مدد اور تعاون کی فراہمی جاری رکھے گا۔

101/2020
Close Search Window