وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے کویت کے خارجہ امور کے نائب وزیر سفیر علی سلیمان السعید نے آج ملاقات کی۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کویت کے ساتھ مضبوط دوطرفہ تعلقات استوار کرنے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔ انہوں نے دوطرفہ تعاون کو متنوع بنانے اور انہیں گہرا کرنے خاص طورپر تجارت، سرمایہ کاری، افراد ی قوت کی برآمد اور فوڈسکیورٹی کے شعبوں میں تعاون کی اہمیت پر زوردیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان سفری سہولیات کی فراہمی کی اہمیت کو اجاگر کیا جو بہت سارے شعبہ جات میں دوطرفہ روابط بڑھانے میں نمایاں کردار ادا کرسکتی ہیں۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے خلیج تعاون کونسل (جی۔سی۔سی) ممالک کے مابین تنازعات کے حل میں کویت کی قیادت کے مثبت اور تعمیری کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔
کویت کے نائب وزیر خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے وزیر خارجہ کے خیالات کی تائید کرتے ہوئے کہاکہ ان کا دورہ مختلف شعبہ جات میں پاکستان کے ساتھ تعاون اور اشتراک عمل بڑھانے کی کویتی قیادت کی انتہائی دلچسپی کا مظہر ہے۔
ملاقات کے دوران دونوں اطراف نے کثیرالقومی اداروں خاص طورپر اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم (او۔آئی۔سی) کی سطح پر باہمی اشتراک عمل پر اطمنان کا اظہارکیا۔ علاقائی پیش ہائے رفت بشمول خلیج، مشرق وسطی میں استحکام اور سی پیک سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
کویت کے نائب وزیر خارجہ دوطرفہ سیاسی مشاورت کے تیسرے دور کے انعقاد کے موقع پر پاکستان کا سرکاری دورہ کررہے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی مشاورت کا آخری مرتبہ اجلاس مئی 2016 میں کویت میں منعقد ہوا تھا۔