پریس ریلیز|

 
اسلام آباد: مورخہ 4 مارچ 2020
 
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے یورپی یونین کی سفیر محترمہ آندرولا کمینارہ نے آج وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔
 
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس امر پر مسرت کا اظہارکیا کہ سرگرمیوں کے طے شدہ نظام الاوقات کے تحت جون 2019 میں دونوں طرف سے دستخط کردہ سٹرٹیجک انگیجمنٹ پلان 2020 میں باضابطہ طورپر فعال ہوجائے گا۔ 
 
وزیر خارجہ نے یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان تجارت میں اضافے کو سراہا۔دونوں جانب سے اس عزم کا اظہارکیاگیا کہ تجارت کو سال 2019 میں 13 ارب یوروز کی موجودہ حد سے آگے لیجایا جائے۔ 
 
ملاقات میں دیہی ترقی، ماحولیاتی تغیر، اچھی حکمرانی اور توانائی سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف شعبہ جات میں ترقیاتی تعاون پر بات چیت ہوئی۔ وزیر خارجہ نے پاکستان بھر میں مختلف زیر عمل منصوبہ جات کے بارے میں یورپی یونین کی سفیر کو آگاہ کیا۔ 
 
وزیر خارجہ نے بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور بی جے پی حکومت کے بھارت میں منظور کردہ شہریت کے متعصبانہ متنازعہ قانون (سی اے اے) پر پاکستان کے نکتہ نظر سے یورپی یونین کی سفیر کو آگاہ کیا۔ 
 
اطراف نے امریکہ اور طالبان کے درمیان افغان امن معاہدے پر دستخطوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اجتماعیت کے حامل جامع بین الافغان مذاکرات کے نتیجے میں افغانستان اور خطے میں پائیدار امن واستحکام کی راہ ہموار ہوگی۔ 
 
اطراف نے تجارتی و معاشی تعلقات ،موجودہ سیاسی روابط اور پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان مثبت تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
102/2020
Close Search Window