وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مصر کا دورہ مکمل کرلیا
اسلام آباد: مورخہ 18 فروری 2021
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مصر کا (سولہ تا اٹھارہ فروری دوہزار اکیس) سرکاری دورہ آج مکمل کرلیا۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے دورے کے دوران مصرکے صدر عبدالفتح السیسی سے ملاقات کی اور مصر کے وزیر خارجہ سامح شُکری کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کئے۔ انہوں نے عرب ریاستوں کی تنظیم (عرب لیگ) کے سیکریٹری جنرل احمد ابوالغیط سے بھی ملاقات کی۔
مصر کے صدر کے ساتھ ملاقات میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم پاکستان کی طرف سے نیک تمناوں کا پیغام دیا اور صدر عارف علوی کی جانب سے پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت پہنچائی۔ وزیر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان اور صدر سیسی کے مشترک وژن کا حوالہ دیتے ہوئے اعلی سطحی دوروں اور معاشی روابط بڑھانے پر زور دیا تاکہ اس وژن اور خوشگوار تعلقات کو باہمی مفادپر مبنی شراکت داری میں بدلا جائے۔
صدر سیسی نے پاکستان کی قیادت اور عوام کے لئے بے پناہ پزیرائی کا اظہار کرتے ہوئے امید کی کہ دونوں ممالک امت مسلمہ کو درپیش مسائل سے نمٹنے میں اہم کردار اداکرسکیں گے۔
اپنے مصری ہم منصب کے ساتھ وفود کی سطح پر بات چیت کے دوران وزیر خارجہ نے دوطرفہ سیاسی مشاورت اور مشترکہ وزارتی کمشن کے اجلاس جلد منعقدکرکے دوطرفہ تعلقات کو گہرا کرنے پر اتفاق کیا۔ وزیر خارجہ نے اپنے مصری ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔ وزیر خارجہ شُکری نے جلد پاکستان کا دورہ کرنے کا وعدہ کیا۔
وزیر خارجہ نے اپنے ہم منصب کو غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں کشمیریوں کو درپیش مصائب سے آگاہ کیا اور عالمی برادری کی جانب سے بے گناہ کشمیریوں کے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھارت کے خلاف کارروائی کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران دونوں وزرا خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں سے ہمکنار کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
وزیر خارجہ نے عرب لیگ کے ہیڈکوآرٹرز کا بھی دورہ کیا اور سیکریٹری جنرل احمد ابوالغیط سے ملاقات کی۔ انہوں نے فلسطین کے مسئلہ پر غیرمتزلزل حمایت کرنے پر عرب لیگ کو سراہا۔ وزیر خارجہ نے باہمی ہم آہنگی بڑھانے کے لئے عرب لیگ اور پاکستان کے درمیان بات چیت کے طریقہ کار کی ضرورت پر زور دیا۔
سرکاری ملاقاتوں کے علاوہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مصر کے ممتاز سرمایہ کاروں، کاروباری شخصیات، پاکستانی برادری اور مقامی میڈیا کے ساتھ بھی نشست کی۔
پاکستان اور مصر کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات استوار ہیں۔ وزیر خارجہ کے دورے سے دونوں برادر ممالک کے درمیان شراکت داری کو وسعت دینے اور مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔