پریس ریلیز|

اسلام آباد: یکم فروری 2021
 
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے چین کے سفیر جناب نانگ رونگ سے پانچ لاکھ ’سائنو فام‘ ویکسین آج نورخان ائیر بیس پر منعقدہ تقریب میں وصول کی۔ یہ ویکسین آج علی الصبح بیجنگ سے خصوصی پرواز کے ذریعے پاکستان پہنچی۔
 
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کورونا وبا سے لڑنے کے لئے ’سائنو۔ فام‘ کا تحفہ پاکستان بھجوانے پر چین کی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ ویکسین ایک ایسے موقعے پر پہنچی ہے جب پاکستان کورونا وبا کی دوسری لہر سے برسرپیکار ہے۔ یہ ویکسین دونوں ممالک میں سفارتی تعلقات قائم ہونے کے ستر سال مکمل ہونے کی خوشیوں کے آغاز پر آئی ہے جو اس شاندار روایت کا اعادہ ہے کہ چین نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ اس سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی وقت سے ماورا ہے اور یہ کہ چین ہمارا سب سے پختہ شراکت دار ہے۔
 
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے خاص طورپر صدر شی جن پنگ کی سوچ کو خراج تحسین پیش کیا کہ کورونا ویکسین جب تیار ہوجائے تو اسے ’عالمی افادہ عام‘ کے لئے میسر ہونا چاہئے۔ وزیرخارجہ نے پاکستان کو ویکسین کی جلد فراہمی پر سٹیٹ قونصلر اور چین کے وزیر خارجہ وینگ یی کا خاص طورپر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ ویکسین صحت عامہ کے لئے ہراول دستے کا کردار ادا کرنے والے طبی عملے کو لگائی جائے گی تاکہ انہیں کورونا سے محفوظ بنایاجاسکے۔ یہ ویکسین قیمتی انسانی جانیں بچانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
 
وزیر خارجہ نے زوردیتے ہوئے کہاکہ حال ہی میں چین کی ’کین سائنو‘ ویکسین کی پاکستان میں طبی آزمائش کا تیسرا مرحلہ کامیابی سے مکمل کرلیاگیا ہے۔ پاکستان ویکسین سے متعلق امور پر چین کے ساتھ اپنے تعاون کو گہرا کررہا ہے۔
 
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان، سیکریٹری خارجہ سہیل محمود، سیکریٹری صحت عامر اشرف خواجہ اور قومی ادارہ صحت (این۔ایچ۔اے) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر میجر جنرل عامر اکرام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
 
پاکستان اور چین کورونا وبا کے آغاز سے اس کے خلاف جنگ میں تعاون کررہے ہیں۔ کورونا وبا پر قابو پانے کے لئے عالمی اور علاقائی سطح پر چین کے اقدامات کی پاکستان نے ہمیشہ حمایت کی ہے۔ پاکستان نے چین کی قیادت میں علاقائی فورمز کی حمایت کی ہے جو کورونا وبا پر قابو پانے اور پورے خطے میں معاشی سرگرمیوں کی بحالی کے لئے بامعنی انداز میں کوشاں ہیں۔
47/2021
Close Search Window