پریس ریلیز|

اسلام آباد: مورخہ 21جنوری 2021
 
ایشیائی تعاون ڈائیلاگ (اے۔سی۔ڈی) کا 17واں وزارتی ورچوئل اجلاس اکیس جنوری دوہزار اکیس کو منعقد ہوا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
 
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے خطاب میں کہاکہ ’اے۔سی۔ڈی‘ ایک سرکردہ پلیٹ فارم ہے جو باہمی مفاد کے امور پر رکن ریاستوں کے درمیان مذاکرات اور تبادلہ خیال کے لئے فعال ادارہ جاتی نظام میں ڈھل چکا ہے۔
 
کورونا عالمی وباءکے ترقی پزیر ممالک کی ترقی پر تباہ کن اثرات کو اجاگر کرتے ہوئے پاکستان نے اشتراک عمل سے اقدامات، ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے اور پائیدار ترقی کے ایجنڈا 2030 پر عمل درآمد کے ضمن میں مالی تعاون اور وبا سے نمٹنے کے لئے وسائل میں حصہ ڈالنے کی ضرورت پر زور دیا۔
 
وزیرخارجہ نے کہاکہ پاکستان عالمی وبا کے موثر مقابلے کے لئے عالمی سطح پر تسلیم شدہ اپنے تجربہ کو دیگر ممالک سے بانٹنے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کورونا کے علاج کی ویکسین کی مساوی اور سہل انداز میں سب کو فراہمی کی ضرورت پر زور دیا۔ 
 
’اے۔سی۔ڈی‘ کے سیاحت وثقافت کے ایجنڈے کی مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے پاکستان نے کہاکہ ’نئے معمولات اور محفوظ وصحت مند سیاحت‘ کا عنوان رابطوں کا جال بنانے میں مددگار ہوگا، اس سے رابطوں کو استوار کرنے میں بہتری آئے گی اور ’اے۔سی۔ڈی‘ کے رکن ممالک میں سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا۔ 
 
رابطوں کی اہمیت اور رابطے استوار کرنے سے متعلق مشترکہ ورکنگ گروپ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے افتتاحی اجلاس کے جلد انعقاد کے اعلان کی اہمیت کو بیان کرتے ہوئے پاکستان نے ’اے۔سی۔ڈی‘ کے دوہزار اکیس سے دوہزار تیس تک کے عمل درآمد کے خاکے اور’اے۔سی۔ڈی‘ کے علاقائی رابطوں کی حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا۔ 
 
پاکستان نے ’اے۔سی۔ڈی‘ کی بنیادی اقدار پر اپنے پختہ یقین کا اعادہ کرتے ہوئے ’اے۔سی۔ڈی‘ کے وژن دوہزار تیس اور انقرہ اعلامیہ کے لئے اپنے عزم کو دوہرایا۔ پاکستان کویت میں ’اے۔سی۔ڈی‘ کے مستقل سیکریٹریٹ کے قیام کا بھی خیرمقدم کرتا ہے۔ 
 
’اے۔سی۔ڈی‘ براعظم پر محیط فورم ہے جس سے ایشیائی ممالک کو باہمی مفاد کے موضوعات پر مستقل تبادلہ خیال اور ایشیائی معاشروں کے فروغ کا موقع فراہم ہوتا ہے۔ پاکستان ’اے۔سی۔ڈی‘ کے بانی ارکان میں سے ایک ہے اور اس فورم کو بے پناہ ترجیح دیتا ہے۔
٭٭٭٭٭ 
33/2021
Close Search Window