پریس ریلیز|

(پریس ریلیز نمبر 70/2021)
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا اقوام متحدہ کی معاشی وسماجی کونسل کے خصوصی اجلاس سے خطاب
 
اسلام آباد : مورخہ 18 فروری 2021
 
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی معاشی و سماجی کونسل (ایکوساک) کے خصوصی اجلاس سے خطاب کیا جس کا عنوان ”سماجی ترقیاتی اہداف کے لئے اقدامات کی دہائی میں سب کے ساتھ نسل پرستی، غیرملکیوں سے نفرت اور امتیازات کا خاتمہ:مساوات کا احیائ“ تھا۔ اجلاس آج ورچوئل طریقے سے منعقد ہوا۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے علاوہ اجلاس سے خطاب کرنے والی معزز شخصیات میں جنوبی افریقہ کے صدر اور کوسٹا ریکار کے نائب صدر شامل تھے۔
 
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے وڈیو پیغام میں منظم انداز میں کی جانے والی عدم مساوات کے رجحانات میں کمی اور نسل پرستی اور عصر حاضر میں اس کی مختلف اقسام کے خاتمے پر زور دیا جو پائیدار ترقی کے لئے اقوام متحدہ کے ایجنڈا 2030 کا بنیادی نکتہ تھا۔ کورونا وبا اور اس کے اقلیتوں پر غیرمتناسب انداز میں پڑنے والے اثرات کی نشاندہی کی گئی جس کی وجہ سے بے تحاشا غربت اور بے روزگاری نے انہیں مزید کمزور کردیاہے جبکہ افراط زر اور اموات میں اضافہ ہوا۔ وزیر خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ امتیازات کے عوامل اور وجوہات کو دور کیا جائے جن کی جڑیں تاریخ اور نوآبادیاتی میراث میں پنہاں ہیں۔
 
پاکستان کے ہمسایہ کے حوالے سے وزیر خارجہ نے کمزور نسلی طبقات اور مذہبی گروہوں کے خلاف نفرت انگیز سیاسی پرچار، تشدد پر اکسانے کے رویوں کو اجاگر کیا جس کے نتیجے میں متعصبانہ شہریت کے قوانین، مذہبی مقامات پر حملے اور ریاستی سرپرستی میں اقلیتوں کے قتل عام کے پے درپے واقعات رونما ہو رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اپنے استصواب رائے کے حق کے لئے جدوجہد کرنے والے لوگوں کو غیرملکی قبضے اور جبر واستبداد کا نشانہ بنایاجارہا ہے۔
 
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ انسانی حقوق کے بنیادی اصولوں کی بالادستی کے عہد کا اعادہ کرے اور سب کے لئے مساوات کی ضمانت فراہم کرے۔ انہوں نے تجویز دی کہ اسلام کے خلاف نفرت، پرتشدد نسل پرستی اور نسلی تعصب والے گروہوں کے پھیلاو کے خلاف عالمی اتحاد تشکیل دیاجائے۔
 
یہ خصوصی اجلاس پاکستان کی ایکو ساک کی صدارت میں بلایاگیا تھا اور اس کا مقصد سٹرکچرل نسل پرستی، امتیازات، عدم مساوات کے رجحانات کا سدباب اور پائیدار ترقیاتی اہداف کا حصول اور کورونا وبا اور اس کے اثرات سے بہتر اندازمیں نمٹنے کے لئے رابطوں کی استواری پر توجہ مرکوز کرنا تھا۔
٭٭٭٭٭
70/2021
Close Search Window