فروری 6, 2021| پریس ریلیز|
اسلام آباد : مورخہ 6 فروری 2021
پانچ فروری دوہزار اکیس کو یوم یک جہتی کشمیر منانے کے لئے جموں وکشمیر کے معاملے پر ’او۔آئی۔سی‘ رابطہ گروپ کے سفیروں کا نیویارک میں اجلاس منعقد ہوا جس میں آزربائیجان، نائیجر، پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے مستقل مندوبین کے علاوہ نیویارک میں ’او۔آئی۔سی‘ آبزورمشن نے شرکت کی۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ’او۔آئی۔سی‘رابطہ گروپ کے سفیروں سے (اپنے وڈیو پیغام کے ذریعے) خطاب میں کشمیریوں کے ساتھ یک جہتی اور امت مسلمہ کی موثر آواز بن کر ان کی حمایت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ میں کشمیریوں کی حالت زار کی طرف توجہ مبذول کرانے میں نیویارک میں رابطہ گروپ کی کاوشوں کو سراہا۔
غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میںبھارتی اقدامات بشمول مقبوضہ خطے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مطالبہ کیا کہ غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں بھارت اپنے غیرقانونی اور یک طرفہ اقدامات واپس لے، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بند کرے، اقوام متحدہ کے فیکٹ فانڈنگ مشن، ’او۔آئی۔سی‘ کے مستقل انسانی حقوق کمشن (آئی۔پی۔ایچ۔آر۔سی) اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو مقبوضے خطے میں جانے کی اجازت دے جبکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق جموں وکشمیر تنازعے کا پرامن حل کرے۔
’او۔آئی۔سی‘ رابطہ گروپ کے سفیروں نے کشمیری عوام کے منصفانہ نصب العین کے لئے ’او۔آئی۔سی‘ کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔
٭٭٭٭٭٭
Last modified: فروری 14, 2021
Our foreign policy is one of friendliness and goodwill towards all the nations of the world.