پریس ریلیز|

(پریس ریلیز)
436/2020
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا سعودی عرب کے وزیر برائے کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ساتھ ورچوئل اجلاس
 
اسلام آباد: مورخہ 15اکتوبر2020
 
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب کے وزیر کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی عزت مآب انجینئیرعبداللہ بن عامر السواحہ سے وڈیو کال پر انفامیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ 
 
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے تاریخی اور گہرے برادرانہ تعلقات کا حوالہ دیا جو دونوں ممالک کے درمیان تمام شعبوں میں تعاون کے فروغ کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک انفارمیشن ٹیکنالوجی پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں جو جدید ڈیجیٹل دور کی ضرورت ہے۔ وزیر خارجہ نے آئی ٹی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اس حقیقت کو اجاگر کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی آبادی نوجوانوں کی بڑی تعدادپرمشتمل ہے۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان دیگر کی طرح اس شعبہ میں تعاون بڑھانے کی بہت صلاحیت موجود ہے ، اس شعبے میں اشتراک عمل بڑھانا دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں ہے۔ 
 
سعودی وزیر کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے وزیر خارجہ کے جذبہ خیرسگالی کا اسی خیرسگالی اور گرمجوشی سے جواب دیتے ہوئے پاکستان کو قریبی برادر ملک قرار دیا۔ 
 
دونوں وزراءنے باہمی مفاد کے تمام امور پر قریبی اشتراک عمل جاری رکھنے اور دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ پر اتفاق کیا۔ 
٭٭٭٭٭٭
436/2020
Close Search Window