جنوری 14, 2020| پریس ریلیز|
اسلام آباد: مورخہ 14 جنوری 2020
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے 13 ، 14 جنوری کو مسقط کا دورہ کیا اورسلطان قابوس بن سعید آل سعید کی وفات پر تعزیت کی۔
عمان کے سلطان عزت مآب حیثم بن طارق بن تیمور سے ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان کی قیادت، حکومت اور عوام سلطان قابوس کے انتقال پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔
وزیرخارجہ نے صدرمملکت اور وزیراعظم پاکستان کا خصوصی تعزیت نامہ بھی پہنچایا جس میں سلطان قابوس کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہاگیا تھا کہ پاکستانی قوم عمان کے برادر عوام کے غم میں شریک ہے اور ان کے اس ناقابل تلافی نقصان پر رنجیدہ ہے۔
وزیرخارجہ نے کہاکہ سلطان قابوس کی وفات سے عمان ایک دانا و فہیم حکمران اور بصیرت رکھنے والے قائد سے محروم ہوگیا ہے جنہوں نے سلطنت کو جدید، فعال اور خوشحال ریاست میں تبدیل کردیا۔ امن و استحکام اور خطے کی سلامتی کے لئے ان کی کاوشیں تادیر یاد رکھی جائیں گی۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ سلطان قابوس کی بصیرت کی روشنی میں عمان خوشحالی کا سفر جاری رکھے گا۔
عزت مآب سلطان حیثم نے پاکستان کی قیادت، عوام اور وزیر خارجہ کا تعزیت کے پیغام اور اس مقصد کے لئے آمد پر شکریہ ادا کیا۔ عمان اور پاکستان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے سلطان حیثم نے اعادہ کیا کہ مستقبل میں یہ دوطرفہ تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔
پاکستان نے عمان کے ساتھ ہمیشہ قریبی برادرانہ تعلقات استوار رکھے ہیں۔ سلطان قابوس کی قیادت میں دوطرفہ تعاون نئی بلندیوں سے ہمکنار ہوا۔ سلطان قابوس پاکستان کے مخلص اور بااعتماد دوست تھے جنہوں نے دونوں ممالک اور ان کے عوام کو قریب لانے میں ناقابل فراموش کردار ادا کیا۔
Last modified: جنوری 14, 2020
Our foreign policy is one of friendliness and goodwill towards all the nations of the world.