اپریل 30, 2020| پریس ریلیز|
اسلام آباد: مورخہ 30 اپریل 2020
وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو ایران کے وزیرخارجہ ڈاکٹر جواد ظریف نے آج ٹیلی فون کیا۔ دونوں وزراءخارجہ نے ایک دوسرے کو رمضان کے مقدس مہینے کی مبارکباد پیش کی۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کورونا وائرس کی وباءکے پیش نظر ایران میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہارافسوس اور تعزیت کی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امید ظاہر کی کہ ایران اس عالمی وباءکے مقابلے میں فتحیاب ہوگا۔
دونوں وزراءخارجہ نے خطے میں ٹڈی دل کی حالیہ وبا پر بات چیت کی اور اس عفریت سے موثر طورپر نبردآزما ہونے کے لئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت سے اتفاق کیا۔
دونوںوزراءخارجہ نے افغان امن ومفاہمتی عمل پر خیالات کا تبادلہ کیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے افغانستان میں امن ومفاہمتی عمل کے لئے پاکستان کی پختہ حمایت کے عزم کو دوہراتے ہوئے امید ظاہر کی کہ جلد ہی بین الافغان مذاکرات کا انعقاد ہوگا۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کشمیری عوام کے حقوق کی حمایت میں اصولی موقف اختیا رکرنے پر ایران کی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں کمیونیکیشن اور دیگر قدغنوں کے باعث کورونا سے مقابلے کے لئے درکار علاج، ادویات اور دیگر ضروری اشیاءکی فراہمی ورسائی میں حائل رکاوٹوں کو اجاگرکیا۔
وزیر خارجہ نے کورونا وباءکے تناظر میں بھارت کے اندر مسلمانوں کو بدنام کرنے کی مہم کی طرف توجہ دلاتے ہوئے زور دیا کہ عالمی برادری بھارت کے اندر جاری اس رجحان کو مسترد کرے۔
٭٭
Last modified: مئی 4, 2020
Our foreign policy is one of friendliness and goodwill towards all the nations of the world.