جولائی 22, 2020| پریس ریلیز|
اسلام آباد: مورخہ 22 جولائی 2020
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو متحدہ عرب امارات کے ہم منصب عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید بن سلطان آل نہیان نے آج ٹیلی فون کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید بن سلطان آل نہیان کا مزاج پرسی، صحت یابی کے لئے نیک تمناوں اور دعاوں کے اظہار پر شکریہ ادا کیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے متحدہ عرب امارات کے اپنے ہم منصب کو پاکستان میں کورونا وبا کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے مختلف اقدامات بالخصوص مختلف شہروں میں سمارٹ لاک ڈاون کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں کورونا وبا کے پھیلاو میں کمی کا رجحان دیکھنے میں آرہا ہے اور صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد بڑھ چکی ہے جبکہ نئے مریضوں کی تعداد میں بتدریج کمی واقع ہورہی ہے۔ انہوں نے کورونا وبا پر کامیابی سے قابو پانے کے لئے ’یو۔اے۔ای‘ حکومت کے اقدامات کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ’یو۔اے۔ای‘ کی قیادت اور عوام کو عرب دنیا کے پہلے مریخ تحقیقاتی مشن کے آغاز پر مبارک پیش کی۔ انہوں نے کہاکہ ’یو۔اے۔ای‘ کے مریخ تحقیقاتی مشن کا آغاز تمام مسلمانوں کے لئے باعث فخر اور انسانی علم کے لئے عظیم کاوش ہے۔
’یو۔اے۔ای‘ کے وزیر خارجہ نے کورونا وبا سے نمٹنے کے لئے حکومت پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ وزیر خارجہ شیخ عبداللہ نے کورونا وبا پر قابو پانے کے لئے ’یو۔اے۔ای‘حکومت کی کوششوں کواجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ ’یو۔اے۔ای‘ عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کورونا وبا کے علاج کی ویکسین کی تیاری کے لئے کوششیں کررہا ہے۔ دونوں وزراءخارجہ نے وبائی صورتحال میں بہتری کے بعد جلد ازجلد ملاقات کرنے پر اتفاق کیا۔
Last modified: جولائی 22, 2020
Our foreign policy is one of friendliness and goodwill towards all the nations of the world.