پریس ریلیز|

(پریس ریلیز)
442/2020
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی آزربائیجان کے وزیر خارجہ سے ٹیلی فون پر گفتگو 
 
اسلام آباد: مورخہ 20 اکتوبر2020
 
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے آزربائیجان کے وزیر خارجہ جناب جیہون بیراموف سے آج ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ دونوں وزراءخارجہ نے دو طرفہ تعلقات اور نگورنوکاراباخ خطے پر آرمینیا اور آزربائیجان کے درمیان جاری تنازعہ پر تبادلہ خیال کیا۔ 
 
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے نگورنوکاراباخ میں سلامتی کی بگڑتی ہوئی صوروتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مشکل کی اس گھڑی میں آزربائیجان اوراس کی برادر قوم کے ساتھ مکمل یک جہتی کی۔ انہوں نے کہاکہ نگورنو کاراباخ اور آزربائیجان کے جن علاقوں پر قبضہ ہوا ہے، پاکستان ان کی جغرافیائی سالمیت اور خودمختاری کی بحالی پر یقین رکھتا ہے۔ انہوںنے آرمینیا کی فوج کی جانب سے عام شہریوں کو نشانہ بنانے اور قتل کی شدید مذمت اور گہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق بحران کے پرامن حل کی امید ظاہر کی۔ 
 
وزیر خارجہ جیہون بیراموف نے آزربائیجان کے لئے پاکستان کی مدد کو سراہا اور تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ 
 
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے تنازعہ جموں وکشمیر کے لئے ’جموں وکشمیر کے لئے او۔آئی۔سی کے رابطہ گروپ‘ سمیت مختلف فورمز پر آزربائیجان کی طرف سے قابل قدر حمایت کا اعتراف کیا۔ انہوں نے غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں قابض بھارتی افواج کے جبرواستبداد کے ہتھکنڈوں اور انسانی حقوق کی مسلسل اورسنگین خلاف ورزیوں سے اپنے ہم منصب کو آگاہ کیا۔ 
 
دونوں وزرا خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کی موجودہ کیفیت پر اطمنان کا اظہارکرتے ہوئے تجارت، معیشت، ثقافت اور تعلیم سمیت باہمی مفاد کے تمام شعبہ جات میں تعاون مزیدمضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے آزربائیجان کے وزیر خارجہ کو دورہ پاکستان کی اپنی دعوت کا اعادہ کیا۔ 
٭٭٭٭
442/2020
Close Search Window