وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی ازبکستان کے وزیر خارجہ عبدالعزیز کمیلوف سے وڈیو کال پر گفتگو
اسلام آباد: مورخہ 12 اگست2020
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ازبکستان کے وزیر خارجہ عبدالعزیز کمیلوف سے آج وڈیو کال پر بات چیت کی جس میں کورونا وبا، دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
وزیرخارجہ نے کہاکہ پاکستان اور ازبکستان میں خوشگوار برادرانہ تعلقات استوار ہیں۔ انہوں نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان قیادت اور حکام کی سطح پر پائی جانے والی خیرسگالی پر اطمنان کا اظہار کیا جو دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات کا مظہر ہے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے تاشقند میں پھنسے ہوئے پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی میں ازبکستان کی حکومت کے تعاون پر اپنے ازبک ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کورونا وبا سے عوام کی جان اور کاروبار بچانے کے لئے حکومت پاکستان کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
دوطرفہ تعلقات کے تناظر میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ کورونا وبا کی صورتحال میں بہتری کے ساتھ ہی دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا افتتاحی دور اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ دونوں وزراءخارجہ نے دوطرفہ تجارت کا حجم بڑھانے اور دیگر دوطرفہ اقدامات کو تیزی سے حتمی شکل دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں جاری دوہرے لاک ڈاون ، قابض بھارتی افواج کی جانب سے فوجی کارروائیوں، جعلی مقابلوں اور ماورائے عدالت شہادتوں میں اضافے پرگہری تشویش کا اظہارکیا۔ انہوں نے ازبک ہم منصب کوآگاہ کیا کہ پانچ اگست دوہزار بیس کو ایک سال قبل کئے جانے والے بھارتی غیرقانونی اور یک طرفہ اقدامات کو 365دن مکمل ہوگئے ۔ انہوں نے غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں نئے ڈومیسائل قانون اور غیرکشمیریوں کو ڈومیسائل کے اجراءکے ذریعے آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لئے بھارتی اقدامات مسترد کرتے ہوئے اسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل، چوتھے جینیوا کنونشن سمیت عالمی قانون کی صریحا خلاف ورزی قرار دیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کورونا وبا کے تناظر میں بھارت میں رہنے والے مسلمانوں کو بدنام کرنے سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے زوردیا کہ عالمی برادری کو اسے مسترد کرنا چاہئے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ازبک ہم منصب کو بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور کشیدگی میں اضافے کے نتیجے میں علاقائی و عالمی امن کو لاحق سنگین خطرات اور پاکستان کی جانب سے دنیا کو ان مضمرات کا احساس دلانے کی کوششوں کے بارے میں بتایا۔
وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے افغانستان میں امن اور مفاہمتی عمل میں سہولت کاری کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ بین الافغان مذاکرات کے انعقاد سے اس عمل کو مزید تقویت ملے گی۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ازبکستان کے دورے کی دعوت پر شکریہ ادا کیا اور جلد اس دورے کے حوالے سے آمادگی کااظہار کیا۔
دونوں وزراءخارجہ نے اہم دوطرفہ ایجنڈے پر پیش رفت اور علاقائی تناظر میں بھرپور تعاون کے لئے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔