پریس ریلیز|

اسلام آباد : مورخہ 15 جنوری 2020

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریس سے نیویارک میں آج ملاقات کی۔

بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں سنگین انسانی صورتحال سے سیکریٹری جنرل کو آگاہ کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہاکہ 80 لاکھ کشمیری 150 دن سے زائد عرصہ سے مسلسل کرفیو، مختلف بندشوں، مواصلاتی قدغنوں اور دیگر ان گنت مصائب ومشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔

وزیر خارجہ نے سلامتی کونسل کی جانب سے پانچ ماہ میں دوسری مرتبہ جموں وکشمیر کے مسئلے کو زیر غورلانے کے اقدام کا خیرمقدم کیا جس سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اس مسئلہ کے مسلمہ عالمی تنازعہ ہونے کی ایک بارپھر تصدیق کی۔

سیکریٹری جنرل کے 8 اگست 2019کے بیان کا اعتراف کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے زوردیا کہ خطرناک پالیسیاں رکوانے، پاکستان کے ساتھ تنازعے کی آگ بھڑکانے سے بھارت کو روکنے اور جنوبی ایشیاءکے امن وسلامتی کو خطرات سے دوچار کرنے اور انسانیت کو تباہی سے بچانے کے لئے اقوام متحدہ کے فوری اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔

وزیرخارجہ نے ایران، سعودی عرب اور امریکہ کے ساتھ فعال رابطوں کے ذریعے خطے میں کشیدگی ختم کرانے کے لئے پاکستان کی کوششوں سے بھی سیکریٹری جنرل کو آگاہ کیا۔

سیکریٹری جنرل نے سیاسی مذاکرات، سفارتی حل اور انسانی حقوق کے احترام کے ذریعے جنوبی ایشیاءاور خطہ خلیج میں امن واستحکام کے قیام کی اہمیت کا اظہار کیا۔
٭٭٭٭

27/2020
Close Search Window