پریس ریلیز|

واشنگٹن:مورخہ 16 جنوری 2020ء

وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے آج کیپیٹل ہل میں امریکی سینیٹر لنزے گراہم سے ملاقات کی۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان اور امریکہ سٹرٹیجک شراکت داری کی تقویت ومضبوطی کے لئے حمایت پر سینیٹر لنزے گراہم کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیر خارجہ اور سینیٹر لنزے گراہم نے دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر بات چیت کی۔ وزیر خارجہ نے مشرق وسطی میں وقوع پزیر موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان خطے میں امن کے لئے اپنا کردار ادا کررہا ہے۔

وزیر خارجہ نے سینیٹر لنزے گراہم کو افغانستان میں پرامن سیاسی تصفیہ کے لئے جاری کوششوں میں پاکستان کی سہولت کاری سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو جلد ہی بین الافغان مذاکرات کے آغاز کی امید ہے اور فریقین پرزوردیا ہے کہ تشدد میں کمی لائیں۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں جاری انسانی بحران کی سنگین صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت نے جو’ لاک ڈاون‘ کررکھا ہے، وہ اب چھٹے ماہ میں ہے۔ یہ صورتحال خطے کے امن کے لئے خطرہ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ امریکہ تنازعہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کرے گاکیونکہ یہ تنازعہ جنوبی ایشیاءمیں پائیدار امن کی راہ میں بنیادی رکاوٹ ہے۔

سینیٹر لنزے گراہم نے وزیرخارجہ سے اتفاق کیا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان پائیدار اور اعلی سطحی روابط دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں ہیں۔ انہوں نے افغانستان میں امن ومفاہمت کے عمل میں پاکستان کی حمایت کو سراہا۔
٭٭٭٭

30/2020
Close Search Window