پریس ریلیز|

(پریس ریلیز)
525/2020
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی ’او۔آئی۔سی‘ کے سیکریٹری جنرل سے نیامے میں ملاقات
 
اسلام آباد: مورخہ 26 نومبر2020
 
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اسلامی تعاون تنظیم (او۔آئی۔سی) کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین سے نیامے میں آج ملاقات کی۔ یہ ملاقات ’او۔آئی۔سی‘ کے رکن ممالک کے وزراخارجہ کونسل کے سینتالیسویں اجلاس کے موقع پر ہوئی جو ستائیس اور اٹھائیس نومبر دوہزار بیس کو نیامے، نائیجر میںمنعقد ہورہا ہے۔ 
 
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے زور دیا کہ ’او۔آئی۔سی‘ کے بانی رکن کے طورپر پاکستان تنظیم کوامت مسلمہ کی سب سے نمایاں اور واحد آواز کے طورپر بے انتہاءاہمیت دیتا ہے۔
 
ملاقات میں اسلاموفوبیا، غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر اور فلسطین میں صورتحال، کورونا وباءسے پیدا ہونے والی مشکلات اور امت مسلمہ کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
 
وزیر خارجہ نے غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق اور انسانوں کو درپیش بدترین صورتحال پر پاکستان کی گہری تشویش سے آگاہ کیا۔ انہوںنے اقوام متحدہ کی قراردادوں، چوتھے جینیوا کنونشن اور عالمی قانون کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ خطے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے یک طرفہ اور غیرقانونی بھارتی اقدامات پر بھی پاکستان کی شدید تشویش کا اظہار کیا۔ 
 
وزیر خارجہ نے کشمیر کاز کے لئے ’او۔آئی۔سی‘ کی مسلسل اور تاریخی حمایت کو بھی سراہا۔ 
 
وزیر خارجہ نے سیکریٹری جنرل کو سینتالیسویں وزراخارجہ کونسل میں اسلاموفوبیا کے خلاف قرار داد کی منظوری کے لئے پاکستان کے اقدام کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ 
 
سیکریٹری جنرل نے ’او۔آئی۔سی‘ کے بانی اور فعال رکن کے طورپر پاکستان کے کردار کو سراہا۔ سیکریٹری جنرل نے جموں وکشمیر تنازعہ پر ’او۔آئی۔سی‘ کی پختہ حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوںنے نشاندہی کی کہ ان کے نمائندہ خصوصی برائے جموں وکشمیر نے رواں سال کے آغاز میں پاکستان اور آزاد جموں وکشمیر کا دورہ کیا اور یہ کہ ان کے نمائندہ خصوصی کی رپورٹ وزرا خارجہ کونسل کے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔ 
 
سیکریٹری جنرل نے اسلافوبیا کے معاملے پر اپنے نکتہ نظر کو بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ’او۔آئی۔سی‘ کی اسلاموفوبیا پر مشاہدات سے متعلق تازہ رپورٹ وزرا خارجہ کونسل کے اجلاس میں جاری کی جائے گی۔ 
 
’او۔آئی۔سی‘ کے سیکریٹری جنرل کے نمائندہ خصوصی برائے جموں وکشمیر سفیر یوسف الدوبئے، سیکریٹری خارجہ سہیل محمود، ’او۔آئی۔سی‘ میں پاکستان کے مستقل مندوب اور دیگر اعلی حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔ 
٭٭٭٭
525/2020
Close Search Window