پریس ریلیز|

اسلام آباد: مورخہ 4 مئی 2020

وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سلطنت بحرین کے وزیر خارجہ عزت مآب ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی سے آج ٹیلی فون پر گفتگو کی اور ان سے کورونا عالمی وباءسے متعلق امور کے علاوہ درپیش صورتحال سے نمٹنے کے لئے دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خارجہ نے پاکستانی شہریوں کی واپسی کے لئے اقدامات پر بحرین کا شکریہ ادا کیا۔ کورونا وباءکی روک تھام کے لئے بحرین کے حکام کی جانب سے بروقت اقدامات کو سراہتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بحرین کے اپنے ہم منصب کو پاکستان میں کورونا وباءکی تازہ ترین صورتحال اور ان اقدامات سے آگاہ کیا جو حکومت اس وباءپر قابو پانے کے لئے اٹھارہی ہے۔

قیمتی انسانی جانوں اور معیشت کو بچانے کے لئے بجٹ میں مالی گنجائش پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیر خارجہ الزیانی کو وزیراعظم عمران خان کے ترقی پزیر ممالک کے ذمے قرض میں ریلیف دینے کے عالمی اقدام سے آگاہ کیا۔ اس تناظر میں انہوں نے پاکستان اور بحرین کے درمیان قریبی معاشی تعاون کی ضرورت پر زور دیا تاکہ معاشی کساد بازاری کے اثرات کو کم کیاجاسکے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں نقل وحرکت کی پابندیوں پر گہری تشویش کا اظہارکیا جس کے نتیجے میں 80 لاکھ کشمیریوں کو کورونا وباءسے مقابلہ کے لئے ادویات اور دیگر ضروری اشیاءکی فراہمی کے ذرائع سے محروم کردیاگیا ہے۔ انہوں نے اطلاعات، ادویات اور دیگر ضروری اشیاءکی ترسیل وفراہمی پر عائد پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوںنے کورونا وباءکے تناظر میں بھارت کی جانب سے مسلمانوں کوبدنام کرنے کی مہم کے خلاف آواز بلند کرنے پر زور دیا۔

بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف نے حکومت پاکستان کے اقدامات کو سراہتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کے غریب ممالک کے لئے قرض میں ریلیف کے اقدام کی اپنی حکومت کی طرف سے حمایت کی۔

دونوں وزراءخارجہ نے باہمی دلچسپی کے تمام امور پر قریبی رابطہ استوار رکھنے پر اتفاق کیا۔
٭٭٭٭٭

197/2020
Close Search Window