Uncategorized|

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے برطانوی ہم منصب عزت مآب ڈومنیک راب سے آج ٹیلی فون پر گفتگو کی اور ان سے علاقائی اور دوطرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خارجہ نے برطانوی ہم منصب کو خطے کی سلامتی کی صورتحال اور مشرق وسطی وخلیج میں تازہ پیش ہائے رفت سے متعلق پاکستان کی تشویش سے آگاہ کیا جس کے دنیا کی معیشت اور امن وسلامتی کے لئے سنگین مضمرات ہیں۔ وزیر خارجہ نے تمام فریقین کی جانب سے زیادہ سے زیادہ ضبط وتحمل برتنے کی اہمیت پر زوردیا۔ انہوں نے تمام فریقین سے رابطوں کے ساتھ متحرک سفارتی ذرائع کے ذریعے خطے میں کشیدگی میں کمی کے لئے پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا۔

وزیر خارجہ نے بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق اور انسانوں کو درپیش مصائب اور سنگین صورتحال کو اجاگر کیا اور برطانیہ پر زوردیا کہ جموں وکشمیر کے تنازعے کے پرامن حل کے لئے کردار ادا کرے۔

وزیرخارجہ نے برطانوی ہم منصب کو افغانستان میں امن ومصالحتی عمل کے لئے پاکستان کی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

وزیرخارجہ نے برطانوی وزیر خارجہ کو پاکستان کے دورے کی بھی دعوت دی۔

برطانوی وزیر خارجہ نے خطے میں کشیدگی میں کمی اور امن وسلامتی برقرار رکھنے کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے پاک برطانیہ مثبت تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آنے والے سالوں میں یہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

دونوں وزراءخارجہ نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور خطے میں امن وسلامتی کویقینی بنانے کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

44/2020
Close Search Window