پریس ریلیز|

اسلام آباد: مورخہ 14 اپریل 2020

کورونا وائرس کے حوالے سے قبل ازیں ہونے والی اپنی گفتگو اور اس وباءپر قابو پانے کے لئے کوششوں کے تناظر میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے برطانیہ کے خارجہ اور دولت مشترکہ امور کے وزیرڈومنیک راب سے آج ٹیلی فون پر بات چیت کی۔

وزیر خارجہ نے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کے ہسپتال سے ڈسچارج ہونے پر برطانوی وزیر کو مبارک دیتے ہوئے وزیراعظم بورس جانسن کی جلد مکمل صحت یابی کے لئے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔ انہوں نے وزیراعظم کی غیرموجودگی میں وزیر خارجہ کی کورونا وبا کے خلاف انتہائی قابلیت کے ساتھ کی گئی کاوشوں کو سراہا۔ برطانیہ اور اس کے عوام کے ساتھ پاکستان کی طویل المدتی وابستگی اور یک جہتی کو دوہراتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کورونا وباءسے برطانیہ میں قیمتی انسانوں جانوں کے ضیاع پر دلی رنج وغم اور افسوس کااظہارکیا۔ انہوں نے کورونا وباءکے خلاف اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر متاثرہ مریضوں کی دیکھ بھال اور علاج کرنے میں این ایچ ایس اوردنیا بھر کے طبی ماہرین کی کاوشوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

دونوں وزراءنے عالمی وباءکے پیش نظر فضائی بندشوں سے پھنسے ہوئے شہریوں کی واپسی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے اپنے برطانوی ہم منصب کو آگاہ کیا کہ اب تک پی آئی اے نے 23 پروازوں کے ذریعے 7700 سے زائد برطانوی باشندوں کو واپس پہنچایا ہے۔ برطانوی وزیر خارجہ نے پاکستان کی کاوش کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ برطانیہ خصوصی پروازوں کے ذریعے پاکستان میں موجود اپنے دیگر برطانوی شہریوں کو واپس لانا چاہتا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آگاہ کیا کہ پاکستان اس ضمن میں برطانیہ کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گا۔

وزیر خارجہ نے اپنے برطانوی ہم منصب کو وزیراعظم عمران خان کی اس تجویز سے بھی آگاہ کیا کہ غریب ممالک کے ذمے واجب الادا ”قرض میں رعایت کی عالمی مہم“ چلائی جائے۔ ماضی سے بھی بڑھ کر سنگین نوعیت کی عالمی کساد بازاری سے متعلق عالمی بنک اور عالمی مالیاتی ادارے کی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے زوردیا کہ ترقی پزیر اور غریب ممالک کے لئے فوری طورپر مالی گنجائش پیدا نہ کی گئی اور اس ضمن میں جامع اقدامات کے لئے اشتراک عمل نہ ہوا تو اس کے غریب ممالک پر سنگین سماجی، سیاسی اور معاشی اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ برطانیہ اس خیال کو بالخصوص جی 20کے پلیٹ فارم پر اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گا اور اس تجویز کی حمایت کرے گا۔ برطانوی وزیر خارجہ نے یقین دلایا کہ برطانیہ اس تجویز کو سمجھتا اور اس کی حمایت کرتا ہے۔
٭٭٭٭٭

164/2020
Close Search Window