پریس ریلیز|

(پریس ریلیز)
367/2020
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی تاجک ہم منصب سے شنگھائی تعاون تنظیم کی وزراخارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر ملاقات
 
اسلام آباد: مورخہ 9 ستمبر2020
 
وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جمہوریہ تاجکستان کے وزیرخارجہ جناب سراج الدین مہرالدین سے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس۔سی۔او) وزراءخاجہ کونسل کے ماسکو میں ہونے والے اجلاس کے موقع پر آج ملاقات کی۔ 
 
اطراف نے دوطرفہ تعاون میں پیش رفت پر اطمنان کا اظہارکرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آنے والے دنوں میں اس تعاون کو مزید تقویت دی جائے۔ 
 
وزراءخارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان ’ایس۔سی۔او‘ سمیت کثیرالملکی اداروں کی سطح پر قریبی تعاون کو سراہا جو باہمی دلچسپی کا باعث علاقائی اور عالمی امور پر دونوں ممالک کے خیالات کی ہم آہنگی کا مظہر ہے۔ 
 
وزراءخارجہ نے دونوں ممالک کی قیادت کی بصیرت کی روشنی میں دوطرفہ تجارت، رابطوں اور عوامی سطح پر روابط میں اضافے پر توجہ مرکوز کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس ضمن میں اتفاق کیاگیا کہ تجارت، سرمایہ کاری، ٹرانسپورٹ، صنعت، زراعت اور سیاحت کے شعبہ جات میں مشترکہ وزارتی کمشن( جے۔ایم۔سی) اور ملٹی جوائنٹ ورکنگ گروپس (جے۔ڈبلیو۔جیز) کی تشکیل مطلوبہ نتائج حاصل کرنے میں ممدومعاون ثابت ہوگی۔ 
 
انہوں نے افغانستان میں امن اور استحکام لانے کے لئے کی جانے والی کوششوں پراپنے نکتہ ہائے نظر کا تبادلہ بھی کیا۔ وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے افغانستان میں امن ومفاہمتی عمل میں سہولت کاری کے پاکستان کے عزم کو دوہرایا۔ 
 
دونوں وزراءخارجہ نے اپنے اپنے ملک میں کورونا وبا کی روک تھام کے حوالے سے اپنے تجربات سے بھی ایک دوسرے کو آگاہ کیا۔ 
 
اطراف نے دوطرفہ تعاون مزید تیز تر کرنے کے لئے تمام سطحوں پررابطے بڑھانے پر اتفاق کیا۔ 
367/2020
Close Search Window