پریس ریلیز|

اسلام آباد: مورخہ 15 مئی 2020
 
وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جاپان کے اپنے ہم منصب توشیمتسو ماتیگی سے ٹیلی فون پر کورونا وباءاور اس کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ 
 
کورونا وباءکوانسانیت کے لئے صدی کا سب سے بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا اورجاپان کی حکومت کی جانب سے وباءکی روک تھام کے لئے کئے جانے والے موثر اقدامات کو سراہا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کورونا وباءاور ٹڈی دل سے مقابلے میں پاکستان کی مدد کرنے پر جاپان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ جاپان میں مقیم پاکستانیوں کی اچھی دیکھ بھال ہورہی ہوگی۔ انہوں نے پاکستان میں جاپانی شہریوں کو ہر ممکنہ سہولت کی فراہمی کے بارے میں وزیر خارجہ ماتیگی کو یقین دلایا۔ 
 
دونوں وزراءخارجہ نے کورونا عالمی وباءکی سماجی ومعاشی مشکلات واثرات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ وائرس کی روک تھام اور عوام کو بھوک سے بچانے کے ترقی پزیر ممالک کو درپیش دوہرے چیلنج کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وزیرخارجہ ماتیگی کو وزیراعظم عمران خان کے غریب ملکوں کے قرض میں ریلیف کے عالمی اقدام کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے زوردیا کہ بلاتاخیر مشترکہ اور جامع اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ مالی وسائل کی گنجائش پیدا ہواور ترقی پزیر ممالک سماجی، سیاسی اور معاشی سنگین نتائج سے نبردآزما ہوسکیں۔ 
 
بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے قابض بھارتی افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کو اجاگر کیا۔انہوں نے کہاکہ مسلسل لاک ڈاون، کمیونیکیشن بلیک آوٹ،اطلاعات، ادویات اور دیگر ضروری اشیاءکی ترسیل وفراہمی میں رکاوٹوں کے باعث بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کورونا وبا کے پھیلاو میں اضافے پر شدید تشویش لاحق ہے۔ انہوں نے بھارت کے اندر کورونا وبا کے تناظر میں مسلمانوں کو بدنام کرنے اور اسلام مخالف حکومتی مہم پر بھی گہری تشویش ظاہر کی۔ 
 
دونوں وزراءخارجہ نے دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اتفاق کیاگیا کہ 2020میں پاکستان اور جاپان کے درمیان سفارتی تعلقات استوار ہونے کی 70 ویں سالگرہ شایان شان طریقے سے منائی جائے۔ 
212/2020
Close Search Window