وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ عزت مآب شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے 5 جنوری 2021 کو العلا میں ’خلیج تعاون کونسل‘ (جی۔سی۔سی) کے کامیاب سربراہ اجلاس کے انعقاد پر اپنے سعودی ہم منصب کو مبارک دی۔ وزیر خارجہ نے ’جی۔سی۔سی‘ کے ارکان کے درمیان متنازعہ امور کو حل کرنے میں سعودی عرب کے مثبت کردار کو سراہا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے امید ظاہر کی کہ العلا میں منعقدہ ’جی۔سی۔سی‘ سربراہ اجلاس میں تعاون کے جس جذبے کا مظاہرہ کیاگیا ہے، اس سے ’جی۔سی۔سی‘ ممالک کے درمیان اعتماد اور تعاون کو فروغ ملے گا اور علاقائی امن وسلامتی اور ترقی بڑھانے میں بھی مدد ملے گی۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے نومبر دوہزار بیس میں نیامے میں منعقدہ ’او۔آئی۔سی‘ وزرا خارجہ کونسل کے سینتالیسویں اجلاس کے دوران حمایت خاص طورپر تنازعہ جموں وکشمیراور اسلاموفوبیا کے مقابلے کے لئے ’او۔آئی۔سی‘ کی قراردادوں کی منظوری میں سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں وزرا خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے، وسعت دینے اورعالمی اداروں میں قریبی اشتراک عمل کے طریقہ ہائے کار پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے باہمی مفاد میں علاقائی اور عالمی امور پرباہمی مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ وہ سعودی عرب کے وزیر خارجہ کی جلد اسلام آباد آمد کے منتظر ہیں۔