وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل سے قاہرہ میں ملاقات
اسلام آباد : مورخہ 18 فروری 2021
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابوالغیط سے قاہرہ میں تنظیم کے صدر دفتر میں آج ملاقات کی۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاکستان کی جانب سے عرب لیگ کے رکن ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دینے کے پہلو کو اجاگر کیا۔ مشترک عقیدے، ثقافت اور اقدار کے پختہ رشتوں کی بدولت تنظیم کے تمام رکن ممالک سے پاکستان کے مستحکم سیاسی، سکیورٹی، تجارتی اور ان تمام ممالک میں آباد پاکستانیوں کے ذریعے مضبوط تعلقات استوار ہیں۔ پاکستان امید کرتا ہے کہ عرب ممالک کے ساتھ دوطرفہ خوشگوار تعلقات کو عرب لیگ کے ساتھ قریبی اشتراک عمل میں تبدیل کیاجانا چاہئے۔
پاکستان اور عرب لیگ کے درمیان مفاہمت کی یاداشت کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر خارجہ اور سیکریٹری جنرل نے عملی تعاون اور اشتراک کار کی تیاری کے لئے فریم ورک میں نئی قوت لانے کے طریقوں پر بات چیت کی۔ اس ضمن میں انہوں نے رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
وزیر خارجہ اور سیکریٹری جنرل نے باہمی دلچسپی کے عالمی و علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سیکریٹری جنرل کو افغانستان میں امن کے فروغ کے لئے پاکستان کی کوششوں سے آگا ہ کیا۔ انہوں نے سیکریٹری جنرل کو غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں تازہ ترین پیش ہائے رفت اور قابض بھارتی افواج کی جانب سے خاص طورپر اگست 2019 کے بعد سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے بارے میں بتایا۔
وزیر خارجہ نے سفارت کاری کی مہارت پر سیکریٹری جنرل کوسراہا جس کی بناءپر تمام بڑے معاملات پر تنظیم کا موقف ایک ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عرب لیگ ان کے تجربے اور پیشہ وارانہ تجربے سے اسی طرح مستفید ہوتی رہے گی۔