مئی 5, 2020| پریس ریلیز|
اسلام آباد: مورخہ 5 مئی 2020
کورونا وباءاور اس کے منفی اثرات پر تبادلہ خیال کے لئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے عمان کے وزیر خارجہ یوسف بن علوی بن عبداللہ سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کورونا وباءکی روک تھام کے لئے عمان کے موثر اقدامات کو سراہتے ہوئے عمان کے وزیر خارجہ کو پاکستان میں کورونا وباءکی صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے عمان کے اپنے ہم منصب کو ان اقدامات سے آگاہ کیا جو حکومت پاکستان اس چیلنج سے نبردآزما ہونے کے لئے اٹھارہی ہے۔ انہوں نے عمان کی طرف سے پاکستانی شہریوں کی واپسی کے لئے اقدامات پر شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم عمران خان کے ترقی پزیر ممالک کے ذمے قرض میں ریلیف دینے کے عالمی اقدام کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وباءکے نتیجے میں قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیا تاکہ معاشی کساد بازاری کے اثرات کو کم کیاجاسکے اور درپیش بحران پر قابوپانے کے لئے زیادہ وسائل بروئے کار لائے جاسکیں۔
وزیر خارجہ نے مشرق وسطی اور جنوبی ایشیاءمیں ٹڈی دل کے حملوں کے مسئلے پر بھی بات کی اور اشتراک عمل کی ضرورت پر زوردیا تاکہ اجتماعی فوڈ سکیورٹی کو برقرار رکھاجاسکے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں ادویات اور دیگر ضروری اشیاءوسامان کی ترسیل وفراہمی پر عائد مسلسل پابندیوں کی بناءپر کورونا وباءکے پھیلاو پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کورونا وباءکے تناظر میں بھارت میں مسلمانوں کو بدنام کرنے کی صورتحال کی بھی نشاندہی کی اور زوردیا کہ عالمی برادری بھارت کے اندر اس صورتحال کو مسترد کرے۔
عمان کے وزیر خارجہ نے حکومت پاکستان کی طرف سے کورونا وباءکے مقابلے کے لئے کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے اپنی حکومت کی طرف سے وزیراعظم عمران خان کے ترقی پزیر ممالک کے قرض میں ریلیف کے لئے اقدام کی حمایت کی۔
دونوں وزراءخارجہ نے رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
٭٭٭٭٭
Last modified: مئی 6, 2020
Our foreign policy is one of friendliness and goodwill towards all the nations of the world.