پریس ریلیز|

(پریس ریلیز نمبر 65/2021)
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی مصر کے صدر صدر عبدالفتح السیسیسے ملاقات
 
اسلام آباد: مورخہ 17 فروری 2021
 
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی مصر کے صدر عبدالفتح السیسی سے قاہرہ میں اپنے دورے کے دوران آج ملاقات ہوئی۔
 
وزیر خارجہ نے پاکستان کی قیادت کی طرف سے مصر کے صدر کے لئے نیک تمناوں کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے صدر عبدالفتح السیسی کی قابل قیادت میں مصر کی ترقی اور استحکام کو سراہا۔
 
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے صدر کو جیوپالیٹیکس سے جیو اکنامکس کی طرف پاکستان کی تبدیل ہوتی توجہ سے متعلق آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ”نیا پاکستان“ کی سوچ معاشی روابط استوار کرنے اور ملک کے اندر اور دنیا میں امن یقینی بنانے پراستوار ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ہمیشہ سے امن اور ترقی کا شراکت دارہونے کا خواہاں ہے۔
 
دونوں ممالک کے درمیان دہائیوں پر محیط گرمجوش دوطرفہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دوطرفہ تعلقات کو متنوع بنانے اور ان میں مزید مضبوطی لانے کی پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ ان کا دورہ پاکستان کی طرف سے مشترک عقیدے، ثقافت اور اقدار پر مبنی روایتی دوطرفہ تعلقات میں ایک نئی گرمجوشی لانے کی خواہش کا مظہر ہے۔ انہوں نے دوطرفہ اور کثیرالقومی اداروں کی سطح پر باہمی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لئے مختلف مواقع سے متعلق صدر کو آگاہ کیا۔ فروغ پاتے دوطرفہ دفاعی تعلقات پر اطمنان کا اظہار کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہاکہ دونوں ممالک دہشت گردی اور انتہاءپسندی کے خاتمے کے لئے اپنے تجربات کا تبادلہ کرسکتے ہیں۔
 
وزیر خارجہ نے مصر کے صدر کو پاکستان کے ہمسائے میں خاص طورپر افغان امن عمل میں پاکستان کی سہولت کاری کی کاوشوں کے علاوہ غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور استصواب رائے کا منصفانہ حق کشمیریوں کو دینے سے مسلسل انکار سے متعلق صورتحال سے آگاہ کیا۔
 
تنازعات کو بات چیت اور سفارت کاری سے حل کرنے کے عمل کی پاکستان کی طرف سے ہمیشہ کی جانے والی حمایت کو بیان کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے خطے میں حالیہ کوششوں پر مصر کو خراج تحسین پیش کیا۔
 
مصر کے صدر نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کی قیادت کے لئے جوابی خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے اپنی حالیہ ہونے والی خوشگوار ملاقات کا حوالہ دیا۔ صدر سیسی نے امید ظاہر کی کہ وزیرخارجہ کے دورے سے دوطرفہ تعلقات بڑھانے اور کثیرالجہتی ملٹی لیٹر تعاون کے فروغ کی راہ ہموار ہوگی۔
 
وزیرخارجہ نے صدر عارف علوی کی جانب سے مصر کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی پہنچائی۔ صدر سیسی نے یہ دعوت بخوشی قبول کرلی اور جلد دورہ کرنے کا وعدہ کیا۔
٭٭٭٭٭
65/2021
Close Search Window