پریس ریلیز|

اسلام آباد: مورخہ 3 جولائی 2020

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے معاشی تعاون تنظیم (ای۔سی۔او) کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر ہادی سلیمان پور سے آج ٹیلی فون پر بات چیت کی جس میں انہوں نے ’ای۔سی۔او‘ کے مستقبل کے لئے اقدامات، کورونا وبا سے نمٹنے کی حکمت عملی اور خطے میں ’ای۔سی۔او‘ کے معاشی تعاون، رابطے استوار کرنے اور ترقیاتی منصوبہ جات سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔

’ای۔سی۔او‘ کے بانی رکن کے طورپر پاکستان نے اس کثیرالجہتی ادارہ کو قابل عمل معاشی گروہ میں بدلنے اور اسے علاقائی معاشی تعاون کا موثر ذریعہ بنانے کے لئے بھرپور کوششیں کی ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ’ای۔سی۔او‘ کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ’ای۔سی۔او‘ وژن 2025 کے مطابق ’ای۔سی۔او‘ رکن ممالک کے مابین تعاون بڑھانے اور زیادہ بہتر روابط استوار کرنے میں سیکریٹری جنرل کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ’ای۔سی۔او‘ سیکریٹری جنرل کی توجہ وزیراعظم عمران خان کے ترقی پزیر ممالک کے ذمے ”قرض میں ریلیف کے عالمی اقدام“ کے مطالبے کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہاکہ مشترکہ اور جامع اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ غریب ممالک کو اتنے وسائل میسرآسکیں جن کے ذریعے وہ کورونا وبا سے نمٹنے اور عوام کی زندگیاں اور معیشت بچانے میں کامیاب ہوسکیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ’ای۔سی۔او‘ وزراءصحت کی ورچوئل کانفرنس جلد بلانے کے لئے پاکستان کی طرف سے حمایت کا اظہار کیا تاکہ کورونا وبا کی روک تھام کے لئے علاقائی سطح پر جامع حکمت عملی مرتب کی جاسکے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں دوہرے لاک ڈاون کے نفاذ، کورونا وباءکے نتیجے میں صورتحال کے مزید پیچیدہ ہونے، قابض بھارتی فوج کے چھاپوں، محاصروں اور متنازعہ خطے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی بھارتی کوششوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عالمی برادری کی جانب سے اس سنگین صورتحال کا فوی نوٹس لے کر اس میں بہتری کے لئے فوری اقدامات کرنے کی اہمیت کو اجاگرکیا۔

وزیر خارجہ نے افغان امن عمل میں پاکستان کے سہولت کاری کے کردار کو اجاگر کیا اور امریکہ طالبان معاہدے سے پیدا ہونے والے تاریخی موقع کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ افغان قیادت کو افغانستان میں جامع اور پائیدار اجتماعی سیاسی تصفیہ کے اس موقع سے فائدہ اٹھانا چاہئیے۔

سیکریٹری جنرل نے کراچی سٹاک ایکسچینج پر دہشت گرد حملے کی مذمت کی اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔ ’ای۔سی۔او‘ میںبانی رکن کے طورپر پاکستان کے فعال کردار کو سراہتے ہوئے انہوں نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کو سماجی ومعاشی ترقی اور علاقائی روابط کے فروغ کے اہداف کے حصول کے لئے ’ای۔سی۔او‘ کے مختلف اقدامات سے آگاہ کیا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور سیکریٹری جنرل ہادی سلیمان پور نے پاکستان اور ’ای۔سی۔او‘ کے مشترکہ اہداف کے حصول میں پیش رفت کے لئے رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
٭٭٭٭٭

284/2020
Close Search Window