وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی نائیجر کے وزیر خارجہ سے ملاقات
اسلام آباد: مورخہ 28 نومبر2020
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے نائیجر کے وزیر خارجہ کلا آنکوراو سے ’او۔آئی۔سی‘ وزراخارجہ کونسل کے سینتالیسویں اجلاس کے موقع پرنیامے، نائیجر میں ملاقات کی۔
وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان بردرانہ قریبی تعلقات پر اطمنان کا اظہار کیا جو ایک عقیدے اور مختلف امور پر یکساں خیالات سے عبارت ہیں۔
دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے معاشی وتجارتی تعلقات کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے استعداد کار میں اضافے کے مختلف پروگرامز کے ذریعے نائیجر کی معاونت جاری رکھنے کی پیشکش کی۔
جموں وکشمیر کے تنازعے پر دیرینہ اصولی موقف اختیار کرنے پر نائیجر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے اپنے نائیجر کے ہم منصب کو غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں اور انسانوں کو درپیش بدترین حالات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے نائیجر کے وزیر خارجہ کو پانچ اگست دوہزار انیس کے بھارت کے یک طرفہ اور غیرقانونی اقدامات اور ان کے نتیجے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں، خاص طورپر چوتھے جینیوا کنونشن سمیت عالمی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ خطے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے اقدامات سے آگاہ کیا۔
دوطرفہ تعلقات کے تناظر میں دونوں وزرا خارجہ نے اعلی سطحی دوروں پر اتفاق کیا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ مل سکے۔
وزیر خارجہ نے نائیجر کے اپنے ہم منصب کو دورہ پاکستان کی بھی دعوت دی۔