وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی نائیجر کے وزیراعظم سے ملاقات
اسلام آباد: مورخہ 28 نومبر2020
وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے نائیجر کے وزیراعظم عزت مآب بریگی رافینی سے آج ملاقات کی۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ قریبی تعلقات پر اطمنان کا اظہارکیا جو ایک عقیدے اور مختلف امور پر خیالات کی ہم آہنگی سے عبارت ہیں۔
دونوں ممالک کے درمیان معاشی اور تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے استعداد کار میں اضافے کے مختلف پروگرامز کے ذریعے معاونت جاری رکھنے کی پیشکش کی۔ انہوں نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو پاکستان نے فوری امدادی سامان فراہم کیا ہے۔
وزیرخارجہ نے صحت، تعلیم، زراعت، صنعت، لائیوسٹاک، آبپاشی، توانائی اور دفاع کے شعبوں میں پاکستان کی جانب سے مدد کی فراہمی کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان نائیجریا کے طالب علموں کو وظائف دے رہا ہے، ان میں سے 100 نائیجیرین یونیورسٹیز میں اور 100 طالب علم پاکستانی یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ پاکستان نے نائیجرپاکستان صحت اور تعلیمی راہداری، ٹیکسٹائل کی صنعت کی بحالی، نائیجر پاکستان ایکسپورٹ پراسیسنگ زون، زراعت میں مدد اور نائیجر میں نہریں بنانے کی پیشکش کی ہے۔
جموں وکشمیر تنازعہ پر دیرینہ اصولی موقف اور اوآئی سی کے جموں وکشمیر رابطہ گروپ کے رکن کے طورپر قابل قدر کاوش پر نائیجر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے وزیراعظم کو غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور انسانوں کو درپیش مخدوش صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے برادر ملک پاکستان کے خیرسگالی کے اقدامات کو بے حد سراہا اورمعاشی شراکت داری پر خصوصی توجہ کے ساتھ وسیع البنیاد دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں گہری دلچسپی ظاہرکی۔انہوںنے مسئلہ کشمیر پر نائیجرکے اصولی موقف کا اعادہ کیا۔
علاوہ ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے نائیجرین ہم منصب کے ساتھ مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے جس کا مقصد پاکستان اور نائیجر کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا نظام قائم کرنا ہے۔