وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی نیامے میں افغانستان کے وزیر خارجہ سے ملاقات
اسلام آباد: مورخہ 27 نومبر2020
اسلامی تعاون تنظیم (او۔آئی۔سی) وزرا خارجہ کونسل کے انعقاد کے موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے افغانستان کے وزیر خارجہ حنیف اتمر سے نیامے میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران اطراف نے افغان امن عمل ، پاکستان اور افغانستان کے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے افغان ہم منصب سے کابل اور بامیان میںکئے جانے والے حالیہ دہشت گرد حملوں پر افسوس کیا اور ان میںقیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر تعزیت کی۔ وزیر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کا اعادہ کیا۔
وزیر خارجہ نے تشدد میں کمی کی اہمیت پر زور دیا جو افغانستان میں مکمل جنگ بندی کا باعث بن سکے تاکہ انسانی زندگیاں بچانے کے علاوہ امن کوششیں آگے بڑھ سکیں۔
وزیراعظم عمران خان کے حالیہ کامیاب دورہ کابل کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے آگاہ کیا کہ پاکستان تمام شعبہ جات میں دوطرفہ تعلقات میں مزید گہرائی کے عزم پر کاربند ہے۔ انہوںنے زور دیا کہ دورے کے دوران طے پانے والی ہم آہنگی اور دونوں طرف سے سامنے آنے والی ’مشترکہ سوچ‘ اس عمل کو آگے لیجانے میں مددگارثابت ہوگی۔
افغان عمل کے لئے پاکستان کی پختہ حمایت کا عزم دوہراتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان افغانوں کی قیادت میں افغانوں کو قبول عمل میں سہولت بہم پہنچاتا رہے گا۔ بین الافغان مذاکرات میں حالیہ پیش رفت کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے ’خرابی‘ پیدا کرنے والے عناصر سے ہوشیار رہنے کی ضرورت پر زور دیا جو چاہتے ہیں کہ خطے میں امن قائم نہ ہو۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ مذاکرات کے نتیجے میں افغانستان اور خطے میں پائیدار امن وسلامتی قائم کرنے کا تاریخی موقع میسرآگیا ہے جس کا افغان قیادت بھرپور فائدہ اٹھائے۔
وزیر خارجہ نے معاشی اور تجارتی شعبے میں بھرپور صلاحیتوں کو بروئے لانے کی ضرورت پر زور دیا جن سے افغانستان میں امن اور علاقائی رابطوں میں اضافے سے بھرپور استفادہ ممکن ہوسکے گا۔
وزیر خارجہ نے مزید زور دیا کہ افغان امن عمل نے افغان مہاجرین کی باعزت گھروں کو واپسی کا بھی موقع فراہم کردیا ہے۔
افغان امن عمل میں پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کو سراہتے ہوئے افغانستان کے وزیر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ کابل اور اس کے نہایت مفید نتائج پر اظہار تشکر کیا۔ انہوںنے جینیوا کانفرنس میں ان کی شرکت، افغانستان کی تعمیر نو اور معاشی ترقی کے لئے پاکستان کی مدد پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا بھی شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم عمران خان کے دورہ کابل پر پیش رفت سے متعلق قریبی رابطے استواررکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے دونوں وزرا خارجہ نے ’افغانستان پاکستان ایکشن پلان برائے امن ویک جہتی‘ (اے۔پی۔اے۔پی۔پی۔ایس) کے متفقہ طریقہ کار کے تحت متعلقہ شعبوںمیں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔