پریس ریلیز|

(پریس ریلیز)
526/2020
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی چاڈ کے وزیر خارجہ سے ملاقات 
 
اسلام آباد: مورخہ 26 نومبر2020
 
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی ’او۔آئی۔سی‘ وزراخارجہ کونسل کے نائیجر میں منعقدہ سینتالیسویں اجلاس کے موقع پر چاڈ کے وزیر خارجہ جناب امین عبا صدیق سے آج ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی پیش ہائے رفت اور کثیرالقومی اداروں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ 
 
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان چاڈ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے جو ایک عقیدے، خیالات کی ہم آہنگی اور مشترکہ نکتہ ہائے نظر سے عبارت ہیں۔ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان گہرے تاریخی روابط ہیں اور پاکستان نے چاڈ کے بھائیوں کی جنگ آزادی میں حمایت کی تھی۔ 
 
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے دونوں ممالک کے درمیان معاشی وتجارتی تعلقات کی وسعت اور گہرائی کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیر خارجہ نے باقاعدگی سے اعلی سطحی روابط، وزرا خارجہ کے درمیان مشاورت کے طریقہ کار، سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں تعاون میں اضافے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ 
 
وزیر خارجہ نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی بصیرت کی روشنی میں ”افریقہ سے روابط“ (انگیج افریقہ) کے فروغ کے لئے پاکستان نے قدم اٹھایا ہے۔ اس پالیسی کا مقصد چاڈ کے ساتھ اشتراک عمل بڑھانے اور مختلف شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون کو گہرا کرنا ہے۔ 
 
وزیر خارجہ نے چاڈ کے وزیر خارجہ کو 5 اگست 2019 کو بھارت کے یک طرفہ اور غیرقانونی اقدامات کے نتیجے میں غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور انسانوں کو درپیش بدترین مصائب سے آگاہ کیا اور چوتھے جینیوا کنونشن کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ خطے میں آبادی کا تناسب کرنے کے لئے بھارتی اقدامات کے بارے میں بتایا۔ 
 
وزیر خارجہ نے دنیا کے مختلف حصوں میں اسلاموفوبیا کی بڑھتی ہوئی لہر کو بھی بیان کیا اور اس عفریت کے مقابلے کے لئے ’او۔آئی۔سی‘ کے کردار کو طاقتور بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ 
 
چاڈ کے وزیر خارجہ نے زوردیا کہ چاڈ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے افریقہ کے ساتھ روابط بڑھانے کی پاکستان کی کاوشوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، صنعت اور سکیورٹی کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کے فروغ کے چاڈ کے عزم کا اظہار کیا۔ 
 
دونوں وزرا خارجہ نے ’او۔آئی۔سی‘ اور امت مسلمہ سے متعلق موضوعات پر بات چیت کی۔ انہوں نے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔ 
٭٭٭٭٭
526/2020
Close Search Window