جنوری 2, 2020| پریس ریلیز|
اسلام آباد: یکم جنوری 2020ئ
ابوظہبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی مسلح افواج کے نائب سپریم کمانڈر عزت مآب شیخ محمدبن زید النہیان دو جنوری 2020 کو دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔ایک اعلی سطحٰ وفد بھی ان کے ہمراہ پاکستان آرہا ہے۔ عزت مآب ولی عہد اس سے قبل جنوری دوہزار انیس میں پاکستان تشریف لائے تھے۔
دورے کے دوران عزت مآب شیخ محمد بن زید النہیان کی وزیراعظم سے بالمشافہ ملاقات ہوگی۔ وزیراعظم معزز مہمان کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیں گے۔
دونوں رہنماوں کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بات چیت ہوگی۔
متحدہ عرب امارات (یواے ای) اور پاکستان کے درمیان مسلسل اعلی سطحی دورے اور ملاقاتیں دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار اور قریبی تعلقات کی اہمیت کا مظہر ہیں۔ یہ دورہ پاکستان اور یواے ای کے درمیان استوار خصوصی تعلقات کی قوت ومضبوطی کاعکاس ہے ۔یہ تعلقات مشترک عقیدے، ثقافتی قربت اور اس عزم پر استوار ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو نئی بلندیوں اور رفعتوں سے ہمکنار کیاجائے۔
یواے ای مشرق وسطی میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور سرمایہ کاری کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔ یو اے ای تعلیم، صحت اور توانائی کے شعبہ جات میں پاکستان کا بنیادی اور بڑا ترقیاتی شراکت دار ہے۔ یواے ای میں سولہ لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں جو سالانہ جی ڈی پی میں تقریبا 4.5 ارب ڈالر کا زرمبادلہ بھیج کر اپنا حصہ ڈالتے ہیں۔
عزت مآب ولی عہد کے دورے سے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان کثیرالجہتی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔
Last modified: جنوری 9, 2020
Our foreign policy is one of friendliness and goodwill towards all the nations of the world.