پاکستان، ترکی اور آزربائیجان کے وزراءخارجہ کا پاکستان، ترکی ، آزربائیجان دوسرا سہہ ملکی اجلاس تیرہ جنوری دوہزار اکیس کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔
سہہ ملکی اجلاس کا پہلا دور نومبر دوہزار سترہ میں باکو میں منعقد ہوا تھا۔
تینوں ممالک عالمی اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کریں گے جن میں خطے میں امن وسلامتی کے ابھرتے ہوئے خطرات، کورونا عالمی وباءسے درپیش مسائل، ماحولیات اور ماحولیاتی تغیر کے علاوہ معاشی ترقی کے اہداف کا حصول شامل ہیں۔
تینوں وزرا خارجہ باہمی مفاد کے تمام شعبہ جات میں سہہ ملکی تعاون میں گہرائی لانے کے امکانات بھی تلاش کریں گے جن میں امن وسلامتی، تجارت وسرمایہ کاری، سائنس وٹیکنالوجی، تعلیم اور ثقافتی تعاون شامل ہے۔
پاکستان،آزربائیجان اور ترکی کے درمیان مشترک عقیدے، اقدار، ثقافت اور تاریخ پرمبنی قریبی برادرانہ تعلقات استوار ہیں جو باہمی اعتماد اور ہم آہنگی سے عبارت ہیں۔