پریس ریلیز|

اسلام آباد: مورخہ 29 مئی 2020

”اقوام متحدہ کے امن دستوں کے عالمی دن“ کے موقع پر عالمی برادری کے ساتھ مل کر پاکستان بھی یہ دن منانے میں آج شریک ہے۔ پاکستان سب سے زیادہ امن دستے دینے والے ملک کے طورپر دنیا میں سرفہرست ہے۔ تنازعات کا شکار دنیا کے بہت سارے خطوں میں امن وسلامتی کے قیام میں اقوام متحدہ کے امن دستوں کے اہم کردار کا پاکستان کوبخوبی فہم و ادراک ہے۔ ہم دنیا بھر سے امن کے قیام کے لئے خدمات اور قربانیاں دینے والے دستوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور اپنے اس پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ نیلے ہیلمٹ کے تحت اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر امن، استحکام اور تعاون کے مقاصد کے حصول کے لئے خدمات انجام دیتے رہیں گے۔

گزشتہ چھ دہائیوں سے اقوام متحدہ کی امن کاوشوں میں دیرینہ حصہ داری پر پاکستان کو فخر ہے۔ ہر مشن کے دوران اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی لگن، جذبے اور خیرسگالی سے انجام دہی کی بناءپر ہمارے امن دستوں کو نہایت عزت وافتخار سے نوازا گیا۔

1960 سے دو لاکھ سے زائد ہمارے امن دستے دنیا کے تمام خطوں کے تقریبا 26 ممالک میں اقوام متحدہ کی 46 امن کارروائیوں ( مشنز) میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ہمارے ایک سو ستاون بہادروں نے عالمی امن وسلامتی کے لئے جام شہادت نوش کیا۔

پاکستان نے ایک ریکارڈ ٹائم میں خواتین پیس کیپرز کو امن کے قیام کے مقصد کے لئے تعینات کیا۔ اقوام متحدہ سیکریٹریٹ کے عملے اور افسران کے درجے میں پاکستان کو 15 ویں امتیازی حیثیت حاصل ہوئی۔ ہماری خاتون پولیس افسر شہزادی گلفام کو 2011 میں انٹرنیشنل فی میل پولیس پیس کیپر کا اعزاز حاصل ہوا۔ وہ دنیا میں پہلی خاتون پولیس افسر ہیں جنہیں اس اعزاز سے نوازا گیا۔

میدان عمل میں قیام امن کے لئے خدمات کے ساتھ ساتھ پالیسی ڈویلپمنٹ کی سطح پر ہماری کاوشیں بھی مستقل بنیادوں پر جاری وساری ہیں۔ سب سے زیادہ دستے دینے والے سرفہرست ملک کے طورپر امن کے قیام کے لئے ہمارا منفرد نکتہ نظر ہے جبکہ دنیا کے سب سے دیرینہ امن مشنز میں سے ایک اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ برائے بھارت اور پاکستان (یو۔این۔ایم۔او۔جی۔آئی۔پی) کے بھی ہم میزبان ملک ہیں۔

اس دن ہم اس امر کو یقینی بنانے کے لئے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ دنیا میں امن واستحکام اور سلامتی برقرار رکھنے میں قیام امن کا طریقہ کار نہایت اہم ہے۔
٭٭٭٭٭

230/2020
Close Search Window