مارچ 2, 2020| پریس ریلیز|
اسلام آباد: مورخہ 2 اپریل 2020
پاکستان اور متحدہ عرب امارات (یواے ای) میں دوطرفہ سیاسی مشاورتی اجلاس 2 مارچ 2020 کو آج اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
متحدہ عرب امارات (یواے ای) کی جانب سے بین الاقوامی تعاون اور سیاسی امور کے لئے نائب وزیر خارجہ سفیر خلیفہ شاہین خلیفہ المرار نے جبکہ پاکستان کی طرف سے وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری (مشرق وسطٰی) ڈاکٹر خالد ایچ میمن نے وفد کی نمائندگی کی۔
سیاسی مشاورتی اجلاس میں سیاسی، معاشی، کمرشل، سلامتی، قونصلر اور عوامی سطح پر روابط سمیت دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلووں کا تفصیلی احاطہ کیاگیا۔ اطراف نے وزیراعظم عمران خان کی پاکستان’ یواے ای‘ تعلقات کو’ ’طویل المدتی سٹرٹیجک اکنامک پارٹنرشپ“ میں تبدیل کرنے کی ہدایات پر عمل درآمد اور اس سوچ کو عملی اقدامات میں ڈھالنے کے لئے اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔
دوطرفہ مشاورت کے نظام کو سراہتے ہوئے اطراف نے اتفاق کیا کہ باہمی مفاد کے تمام موضوعات پر تفصیلی غوروخوض کا موقع فراہم کرنے میں یہ ایک مفید نظام ہے۔ اجلاس میں موجودہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے اعلی سطحی دوروں اور دوطرفہ تبادلے بڑھانے کا فیصلہ کیاگیا۔
یواے ای کے وفد کو بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میںبالخصوص 5 اگست 2019کو بھارت کے یک طرفہ اور غیرقانونی اقدامات کے بعد سے جاری بھارتی مظالم سے آگاہ کیاگیا۔ بی جے پی کی ہندتوا انتہاءپسند سوچ اور امتیازی پالیسیوں کے تحت اقلیتوں کے ساتھ بدسلوکی خاص طورپر بھارتی مسلمانوں پر ہونے والے ظلم وستم سے آگاہ کیاگیا۔ افغانستان میں امن عمل اور مشرق وسطی وخلیج کے خطے میں امن واستحکام سمیت علاقائی پیش ہائے رفت پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔
نائب وزیر خارجہ سفیر خلیفہ شاہین خلیفہ المرار نے سیکریٹری خارجہ جناب سہیل محمود سے بھی خیرسگالی ملاقات کی۔
پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دیرینہ قریبی تعلقات استوار ہیں جو باہمی خیرسگالی اور قریبی تعاون پر مبنی ہیں۔ ’یواے ای‘ کے ساتھ دوطرفہ سیاسی مشاورت دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبہ جات میں بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں ایک اور اہم قدم ہے۔
Last modified: مارچ 3, 2020
Our foreign policy is one of friendliness and goodwill towards all the nations of the world.