جولائی 9, 2020| پریس ریلیز|
اسلام آباد : مورخہ 9 جولائی 2020
ٹڈی دَل پر قابو پانے کے قومی مرکز (این۔ایل۔سی۔سی) کی جانب سے آج اسلام آباد میں سفارتی برادری کو بریفنگ کے دوران پاکستان نے زور دیا ہے کہ پاکستان اور خطے کی فوڈ سکیورٹی یقینی بنانے اور ٹڈی دَل کے سنگین خطرے سے نمٹنے کے لئے بھرپورعلاقائی و عالمی تعاون اوراس کے مختلف طریقہ ہائے کار نہایت اہمیت رکھتے ہیں۔ شرکاءکو بتایاگیا کہ 25 سال میں ٹڈی دَل کا یہ بدترین حملہ ہے۔ ٹڈی دَل خطے کے ممالک کے علاوہ افریقہ (قرن الافریقی) اور بحیرہ احمر کے علاقوں سے پاکستان کی طرف نقل مکانی کررہا ہے۔
بریفنگ کی قیادت نیشنل فوڈ سکیورٹی و تحقیق کے وفاقی وزیر سید فخر امام نے کی۔ سید فخر امام نے ٹڈی دَل کی روک تھام کے لئے پاکستان کے ساتھ اشتراک عمل پر چین، برطانیہ اور جاپان کی حکومتوں کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کی مدد کرنے پر اقوام متحدہ کے خوراک وزراعت کے ادارے (ایف۔اے۔او) اور اس کی اہم کاوش کا بھی اعتراف کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی حکومتوں کی مشاورت سے تیارکردہ نیشنل ایکشن پلان حکومت کی اجتماعی سوچ اور جامع اقدامات کا مظہر ہے جس کے ٹھوس نتائج سامنے آرہے ہیں۔
’این۔ایل۔سی۔سی‘ کے ڈپٹی کوآرڈینیٹر میجر جنرل سعید نے شرکاءکو ’این۔ایل۔سی۔سی‘ کے ڈھانچے اور امور کار سے متعلق آگاہ کیا جبکہ سیکریٹری نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ جناب عمر حامد خان نے ٹڈی دَل پر قابو پانے کے لئے مختص کردہ مالی اور تکنیکی وسائل کی فراہمی پر روشنی ڈالی۔ ’این۔ایل۔سی۔سی‘ کے نیشنل کوآرڈینیٹر اور انجینئر انچیف لیفٹیننٹ جنرل معظم اعجاز بھی اس موقع پر موجود تھے۔
سفارتی برادری اور عالمی شراکت داروں کو بریفنگ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ٹڈی دَل کی روک تھام کے لئے 31 جنوری 2020 سے قومی ہنگامی حالت کے نفاذکے اعلان کے تحت جاری کوششوں کا حصہ ہے۔ بریفنگ کا مقصد کورونا وبا کے خلاف جاری کوششوں کے دوران ٹڈی دَل کے حملے سے پیدا ہونے والے کثیر الجہتی خطرات سے آگاہ کرنا تھا۔
جنوب مغربی ایشیاءمیں ٹڈی دَل پر قابو پانے کے لئے ’ایف۔اے۔او‘ کمشن کے تحت متعلقہ علاقائی ممالک کو پاکستان کی طرف سے فراہم کردہ بھرپور تعاون اورمدد سے بھی شرکاءکو آگاہ کیاگیا۔ پاکستان اقوام متحدہ کے خوراک وزراعت کے ادارے (ایف۔اے۔او) کے جنوب مغربی ایشیاءمیں ٹڈی دَل پر قابو پانے کے کمشن (ایس۔ڈبلیو۔اے۔سی) کے تمام رکن ممالک (ایران، افغانستان اور بھارت) کو سرحدات پر ٹڈی دَل پر قابو پانے کے لئے جاری کارروائیوں کے بارے میں ہفتہ وارمعلومات اور اعدادوشمار فراہم کررہا ہے۔
عالمی تعاون کے جذبے کو فروغ دیتے ہوئے پاکستان نے 17 افریقی ممالک سے رابطہ کیا ہے جن میں الجیریا، برونڈی، چاڈ، وسطی افریقی ریاست، ایریٹیریا، ایتھوپیا، کینیا، لیبیا، موریطانیہ، مالی، نائیجر، روانڈا، تیونس، سوڈان، صومالیہ، تنزانیہ اور یوگینڈا شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات (یو۔اے۔ای)، یمن اور سلطنت عمان سمیت مشرق وسطی کی متعدد ریاستوں کے ساتھ بھی ٹڈی دَل کو شکست دینے کے لئے دوطرفہ تعاون بڑھانے کے لئے رابطہ کیاگیا ہے۔
بریفنگ میں سفیروں، ہائی کمشنرز کے علاوہ چین، ترکی، سعودی عرب، برطانیہ، امریکہ، کینیڈا، عمان، کینیا، سوڈان، یمن، جاپان، افغانستان، آسٹریلیا، اٹلی، یورپی کمشن، ترکمانستان، ایران، متحدہ عرب امارات، صومالیہ جرمنی اور فرانس کے نمائندوں نے شرکت کی جبکہ اقوام متحدہ و عالمی مالیاتی اداروں کے اداروں کے سربراہان، پرنٹ اور الیکڑانک میڈیا کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔
٭٭٭٭٭
Last modified: جولائی 17, 2020
Our foreign policy is one of friendliness and goodwill towards all the nations of the world.