پریس ریلیز|

(پریس ریلیز نمبر 87/2021)
پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات قائم ہونے کے ستر سال پورے ہونے پر تقاریب کا آغاز

اسلام آباد: مورخہ 2 مارچ2021

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور چین کے سٹیٹ کونسلر و وزیر خارجہ وینگ ای نے پرووقار تقریب میں آج پاکستان اور عوامی جمہوریہ چین کے سفارتی تعلقات قائم ہونے کے ستر سال مکمل ہونے کی خوشیاں منانے کے سلسلے میں سرگرمیوں کا باضابطہ آغاز کیا۔ اسلام آباد اور بیجنگ میں یہ ورچوئل تقریب بیک وقت منعقد ہوئی جس میں دونوں ممالک کے اعلی حکام نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ”ہم چینی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جس نے اپنے عوام کا مقدر اور معیارزندگی تبدیل کرنے کا حیرت انگیز کارنامہ کردکھایا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ تاریخ کے اس یادگار مرحلے پر صدر شی جن پنگ کی قیادت نے چین کی قوم کو اس کی قومی امنگوں کے حصول میں بہت زیادہ مدد کی ہے۔“ وزیرخارجہ نے کہاکہ ”پاکستان اور چین دونوں کے قائدین اور عوام نے نسل در نسل دوطرفہ تعلقات کو مضبوط اور طاقتور بنانے میں قابل قدر حصہ ڈالا ہے۔“ وزیر خارجہ نے ’بی۔آر۔آئی‘ کے اعلی معیار کے مظہر مثالی منصوبے کے طورپر سی پیک سے متعلق عزم کا اعادہ کیا۔

تقریب میں سٹیٹ کونسلر اور چین کے وزیر خارجہ وینگ ای نے زور دیا کہ پاکستان اور چین کی دوستی تاریخ کے ہر مرحلے پر پورا اتری ہے اور سات دہائیوں میں دونوں ممالک ہر گرم سرد میں ایک دوسرے کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑے رہے ہیں اور ایک منفرد وغیرمعمولی آہنی دوستی پروان چڑھائی ہے۔

پاکستان اور چین کی دوستی کے تاریخی پس منظر میں تقریب میں ’لوگو‘ (علامتی نشان) بھی جاری کیاگیا۔ سفارتی تعلقات کے ستر سال پورے ہونے کے خاص موقع پر دونوں جانب سے مختلف سرگرمیوں اور تقاریب کا اہتمام کیاگیا ہے جس میں عوامی سطح پر روابط بھی شامل ہیں۔ یہ تقاریب اور رابطے پورا سال جاری رہیں گے اور تاریخ کا اہم سنگ میل عبور کرنے کے اس موقعے کو بھرپور انداز میں منایاجائے گا۔

اس تاریخی موقعے کو مناتے ہوئے دونوں وزراءخارجہ نے خصوصی مضامین بھی تحریر کئے ہیں جو آج شائع ہوئے ہیں۔ ان مضامین میں بتایاگیا ہے کہ کس طرح دونوں ممالک کی ”آزمودہ کار اور سدا بہار سٹرٹیجک کوآپریٹو شراکت داری“ سات دہائیوں کے دوران ہر طرح کے نشیب وفراز اور عالمی نظام میں آنے والی تبدیلیوں کے باوجود مضبوط سے مضبوط تر ہوئی ہے۔
٭٭٭٭٭

87/2021
Close Search Window