جون 29, 2020| پریس ریلیز|
اسلام آباد: مورخہ 29 جون 2020
پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے آج ایک بھرپور کارروائی کے ذریعے کراچی میں پاکستان سٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنادیا۔ حملے میں ملوث چاروں دہشت گردوں کو مقابلے میں ہلاک کردیاگیا۔ قانون نافذ کرنے والے ہمارے چار بہادر اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔
بیرونی مدد سے ہونے والا یہ بزدلانہ حملہ پاکستان کے خلاف ریاستی سرپرستی میں کرائی جانے والی دہشت گردی کا ایک اور ثبوت ہے جو انتہائی قابل مذمت ہے۔
پاکستان بھارتی قیادت کی پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کے لئے دہشت گردی کو ہتھیار کے طورپر استعمال کرنے کے دھمکیوں سے عالمی برادری کو مسلسل آگاہ کرتا آرہا ہے ۔
پاکستان بھارتی انٹیلی جنس ایجنسی ’را‘ کے پاکستان میں دہشت گردسرگرمیوں میں ملوث ہونے کے ٹھوس ثبوت اور شواہدپہلے ہی عالمی براداری کو فراہم کرچکا ہے۔
کراچی حملے سے متعلق بھارتی وزارت امور خارجہ کابیان اپنے جرائم چھپانے اور ان پر پردہ ڈالنے کی کوشش کے سوا اور کچھ نہیں۔ بھارتی چالاکی وعیاری پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے اقدامات میں بھارت کے ملوث ہونے کی حقیقت چھپا نہیں سکتی۔
عالمی برادری ہمسایہ ممالک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے لئے دہشت گردی کو ریاستی پالیسی کے طورپر استعمال کرنے کا فوری ادراک کرتے ہوئے بھارت کو کٹہرے میں کھڑا کرے۔
٭٭٭٭٭
Last modified: جولائی 17, 2020
Our foreign policy is one of friendliness and goodwill towards all the nations of the world.