پریس ریلیز|

(پریس ریلیز)
353/2020
پاکستان میں امریکہ کے ناظم الامور سفیر پال جونز کی وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے الوداعی ملاقات
 
اسلام آباد: مورخہ 26 اگست 2020
 
وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے پاکستان میں امریکی ناظم الامور سفیر پال جونز نے آج الوداعی ملاقات کی۔ گزشتہ دو برس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی تعمیر میں ان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان مضبوط تعلقات نہ صرف باہمی مفاد میں ہیں بلکہ یہ خطے اور دنیا کے امن واستحکام کے لئے بھی اہم ہیں۔ 
 
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میںامن اور مفاہمتی عمل میں اہم کردارادا کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ امن عمل اب ایک فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔ تمام افغان فریقین کو اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جلد بین الافغان مذاکرات کے انعقاد کی راہ ہموار کرنی چاہئے تاکہ اجتماعی اور جامع سیاسی تصفیہ کا حصول ممکن ہو۔ 
 
وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور مخدوش انسانی صورتحال کو بیان کرتے ہوئے عالمی برادری پر زوردیا کہ کشمیری عوام کی تکالیف اور مصائب سے نجات کے لئے اقدامات کئے جائیں تاکہ کشمیری عوام کو ان کے جائز قانونی حقوق میسرآسکیں۔وزیرخارجہ نے کہاکہ امریکہ اس ضمن میں کلیدی کردار ادا کرسکتا ہے۔ 
353/2020
Close Search Window