پریس ریلیز|

اسلام آباد: مورخہ 8 مئی 2020

ترجمان دفتر خارجہ نے میڈیا کے سوالات کے جواب میں کہا ہے کہ بھارتی ٹی وی کی موسمیاتی خبرنامے میں آزاد جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان کی ”شمولیت“کے بھارتی ارادوں کو پاکستان مسترد کرتا ہے۔

گزشتہ برس بھارت کی طرف سے جاری ہونے والے نام نہاد ”سیاسی نقشوں“ کی طرح یہ بھارتی حرکت بھی غیرقانونی، حقائق کے منافی اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے صریحا خلاف ہے۔

بھارت کا کوئی بھی غیرقانونی اور یک طرفہ اقدام جموں وکشمیر کی متنازعہ حیثیت تبدیل نہیں کرسکتا جسے اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری ایک مسلمہ تنازعہ کے طورپر تسلیم کرتی ہے۔ بھارتی حکومت کے اس نوع کے ہتھکنڈے بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے عوام کے ناقابل تنسیخ استصواب رائے کے حق پراثر انداز نہیں ہوسکتے۔

پاکستان بھارت پر زوردیتا ہے کہ عالمی طورپر مسلمہ متنازعہ معاملے اور خطے کے بارے میں بے بنیاد دعووں اور دنیا کو گمراہ کرنے سے باز آئے۔
٭٭٭٭

206/2020
Close Search Window