پریس ریلیز|

اسلام آباد: مورخہ 16 مئی 2020
 
ترجمان دفتر خارجہ نے میڈیا کے سوالات پر کہا ہے کہ ہم بھارتی آرمی چیف کے حالیہ بیان کو مسترد کرتے ہیں جس میں پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کرتے ہوئے دھمکیاں دی گئیں تھیں۔ یہ ہتھکنڈے مایوسی کے عالم میں ان بھارتی کوششوں کا حصہ ہیں جن کا مقصد دنیا کی توجہ بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی سنگین ترین پامالیوں سے ہٹانا ہے۔ 
 
بھارت کو کشمیریوں کی مقامی مزاحمت کا سامنا ہے جو کشمیریوں پربھارت کے بدترین جبرواستبداد اورڈھائے جانے والے مظالم کا براہ راست نتیجہ ہے۔ استصواب رائے کے لئے کشمیریوں کی قانونی وجائز جدوجہد کو ”دہشت گردی“ کے طورپر بیان کرنے کی بھارتی شرانگیزی اور فتنہ پردازی کامیاب نہیں ہوگی۔ 
 
بھارت کی جانب سے توجہ ہٹانے، حقائق کو چھپانے، توڑنے مروڑنے اور جنگی جنون کی مسلسل کوششیں جنوبی ایشیاءکے امن وسلامتی کے لئے خطرناک ہیں۔ عالمی برادری کوصورتحال کی نزاکت سمجھتے ہوئے بھارت پر زوردینا ہوگا کہ علاقائی امن واستحکام کے مفاد میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔ 
213/2020
Close Search Window