مئی 5, 2020| پریس ریلیز|
اسلام آباد: مورخہ 5 مئی 2020
بھارت کے 5 اگست 2019ءکے غیرقانونی اور یک طرفہ اقدامات کے بعد سے بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر کے عوام غیرانسانی لاک ڈاون اور قابض فوج کے محاصرے میں گزشتہ 9 ماہ سے مزید تکالیف اور شدید مصائب سے دوچار ہیں۔ پورے خطے کو ایک جیل میں تبدیل کردیاگیا ہے اورکورونا عالمی وباءکے باوجود غیرمعمولی پابندیاں مسلسل عائد ہیں۔
اس عرصہ کے دوران قابض بھارتی فوج نے بدنام زمانہ آرمڈ فورسزسپیشل پاورز ایکٹ، پبلک سیفٹی ایکٹ اور غیرقانونی سرگرمیوں کے امتناع کے سیاہ قوانین کے تحت کشمیریوں کے ہر حق کو سلب کررکھا ہے۔
پاکستان کشمیری عوام کی بنیادی آزادیوں اور انسانی حقوق کی منظم اور سنگین خلاف ورزیوں کو تمام عالمی فورمز پر بھرپور طورپر اجاگر کرتا آیا ہے۔ ہم نے عالمی برادری کو قابض بھارتی افواج کی کشمیریوںکے ساتھ دن رات جاری سفاکانہ چیرہ دستیوں، جبرواستبداد کے نتائج اور اس کے خلاف کشمیریوں کی شدید مزاحمت سے بھی مسلسل آگاہ کیا ہے۔
بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں حالیہ واقعات اس ناقابل تردید حقیقت کا مظہر ہیں کہ بھارتی جبرواستبداد اور پرتشدد مہم اپنے منطقی انجام سے دوچار ہورہی ہے۔ کشمیریوں کی مقامی اور خالصتا ان کی اپنی اس مزاحمت کو کسی ”دراندازی“ کے الزام کی شکل دینا دن کو رات کہنے کے مترادف اورمحض جھوٹ ہے۔ بھارت کے ”دراندازی“ کے روایتی الزامات کھوکھلے اور بے بنیاد ہیں کیونکہ یہ تمام واقعات وادی کے انتہائی اندرونی حصوں میں رونما ہوئے جو بھارتی فوج کی سکیورٹی کے کئی حصار اور دراندازی روکنے کے لئے وسیع تر انتظامات کے اندرواقع ہیں۔
نام نہاد ”دراندازی“ اور ”لانچ پیڈز“ کے جھوٹ کی آڑ میں بھارتی فوج لائن آف کنٹرول (ایل۔او۔سی) پر دانستہ نہتے پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنارہی ہے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ یکم جنوری 2020 سے اب تک بھارت کی جانب سے 975 جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں چھ بے گناہ شہری شہید اور 69 شدید زخمی ہوچکے ہیں۔ اس غیرانسانی جنگی حربے کی جتنی مذمت کی جائے، کم ہے۔
بھارت اپنے جھوٹے الزامات اور زمین پر جارحانہ اقدامات کے ذریعے عالمی برادری کو دھوکہ نہیں دے سکتا۔ پاکستان کے خلاف بھارتی جنگی جنون اور پاگل پن سوچی سمجھی حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور بھارت کے اندر اقلیتوں کے ساتھ روا سلوک، کورونا وباءسے متعلق چیلنج سے نمٹنے میں بی جے پی حکومت کی بدانتظامی سے اپنے عوام اور عالمی برادری کی توجہ بھٹکانا ہے۔
پاکستان ایک مرتبہ پھر عالمی برادری پر زور دیتا ہے کہ بھارت کے غیرذمہ دارانہ رویے اور جنگی جنون سے جنوبی ایشیاءکے امن وسلامتی کو لاحق خطرات کا ادراک کرے۔ آر ایس ایس۔ بی جے پی کی سوچ کے تابع بھارتی حکومت کے عاقبت نااندیشانہ اقدمات سے علاقائی امن وسلامتی کو شدید نقصان پہنچنے سے قبل عالمی برادری بھارت کو باز رکھنے میں اپنا کردار ادا کرے۔
٭٭٭٭٭
Last modified: مئی 6, 2020
Our foreign policy is one of friendliness and goodwill towards all the nations of the world.