ترجمان دفتر خارجہ نے میڈیا کے سوالات کے جواب میں کہا ہے کہ ہم نے کلبھوشن یادیو مقدمے میں بھارتی وکیل جناب ہریش سالوے کے 3 مئی 2020 کے آن لائن لیکچر کے دوران دیاگیا بیان دیکھا ہے۔ ’بھارت عالمی عدالت انصاف سے دوبارہ رجوع کرسکتا ہے‘، کی تجویز دیتے ہوئے جناب سالوے نے اپنی گفتگو میں کئی ایسی باتیں کی ہیں جو مقدمے کے حقائق کے برعکس ہیں۔
ہم بھارتی وکیل کے اس بے بنیاد اور غلط الزام کو سختی سے مسترد کرتے ہیں کہ پاکستان نے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کی پاسداری نہیں کی۔ پاکستان نے فیصلہ کی مکمل پاسداری کی ہے اور مقدمے کی کارروائی آگے بڑھنے پر اسی انداز پر کاربند رہے گا۔
عالمی عدالت انصاف کے فیصلے میں فراہم کردہ رہنمائی کے مطابق پاکستان نے کمانڈر یادیو کو بھارتی قونصلر رسائی فراہم کی اور موثر جائزے کے لئے اقدامات زیرعمل ہیں۔
ذمہ دارریاست کے طورپر پاکستان عالمی ذمہ داریوں پر پوری طرح کاربند اور عمل پیرا ہے۔ یہ امرافسوسناک ہے کہ جناب سالوے نے حقائق کے منافی اور غلط بیان دیا۔