پریس ریلیز|

اسلام آباد: مورخہ 17 مئی 2020
 
پاکستان افغانستان میں تمام فریقین کی شمولیت پر مبنی حکومت کی تشکیل اورقومی مفاہمت کی اعلی کونسل سے متعلق کابل میں آج سیاسی رہنماوں کے درمیان معاہدے پر دستخطوں کا خیرمقدم کرتا ہے۔ 
 
اس اہم مرحلے پر یہ ناگزیر ہے کہ تمام افغان رہنما افغان عوام کے بہترین مفاد میں مل کر تعمیری انداز میں کام کریں اور دہائیوں سے تشدد اور تنازعات سے متاثرہ ملک میں پائیدار امن واستحکام لانے میں مدد کریں۔ 
 
کورونا عالمی وباءکی بناءپر درپیش چیلنجوں سے موثر طورپر نمٹنے کے لئے بھی یہ امر نہایت ضروری ہے۔ 
 
امریکہ طالبان امن معاہدے نے ایک تاریخی موقع فراہم کیا ہے جسے تمام افغان فریقین کو افغانستان میں امن اور مفاہمت کے مقاصد کے حصول کے لئے بروئے کار لانا چاہئے۔ 
 
یہ امر نہایت اہم ہے کہ بین الافغان مذاکرات جلد سے جلد شروع ہوں اوران کا نتیجہ افغانستان میں اجتماعیت کے مظہر جامع سیاسی تصفیہ کی شکل میں برآمد ہو۔ 
 
تمام افغان فریقین کو اپنے اپنے عہد کی پاسداری، استقامت اور مشترکہ مفادات کے لئے احساس کا مظاہرہ کرنا ہوگی، انہیں داخلی اور خارجی طورپر ان عناصر سے بھی ہوشیار رہنا ہوگا جو صورتحال کو خراب کرنا چاہتے ہیں۔ 
 
افغانستان کے عوام کے ساتھ روایتی یک جہتی اور اخوت کے جذبے کا اعادہ کرتے ہوئے پاکستان اپنے اس عزم کو دوہراتا ہے کہ ہم ایک پرامن، مستحکم، متحد، جمہوری اور خوشحال افغانستان کی حمایت جاری رکھیں گے جو نہ صرف داخلی طورپر بلکہ ہمسایوں کے ساتھ بھی پرامن ہو۔ 
214/2020
Close Search Window